
نئی دہلی، 5جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)بھارت کے سابق صدر اور کانگریس کے سابق تجربہ کار لیڈر پرنب مکھرجی کے بیٹے ابھیجیت مکھرجی نے پیر کو ترنمول کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ انہوں نے کولکاتہ میں باضابطہ طور پر ترنمول میں شمولیت اختیار کی۔ ابھی جیت کی #ترنمول میں شمولیت کو کانگریس کے لئے ایک بڑا دھچکا سمجھا جارہا ہے ،کیونکہ وہ کئی دہائیوں سے کانگریس میں شامل ہیں۔
خیال رہے کہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں بائیں محاذ کے ساتھ اتحاد کے معاملے پر کانگریس کے سابق رکن اسمبلی ابھی جیت مکھرجی کی مختلف رائے ہے۔ پارٹی کی شکست کے بعدانہوں نے کہا تھا کہ اگر کانگریس بائیں بازو کی حمایت کے بغیر مغربی بنگال میں انتخابات لڑتی ،تو #پارٹی کے ووٹوں کا حصہ بڑھتا۔
اگر پارٹی اکیلے #انتخابات لڑتی ، تو کانگریس کے ووٹوں کی شرح میں اضافہ ہوتا، یہ میری ذاتی رائے ہے۔ تاہم یہ ضروری نہیں ہے کہ ووٹوں کی فیصد میں اضافہ کا مطلب نشستوں میں اضافہ ہونا ہے۔ٹی ایم سی میں شمولیت کا فیصلہ ایسے وقت منظرعام پر آرہا ہے، جب کہ مغربی #بنگال میں کانگریس کی سیاسی صورتحال خستہ ہے،اور ریاست میں قیادت کی ذمہ داری ادھیر رنجن چودھری پر ہے۔
ابھی یہ دیکھنا باقی ہے کہ #کانگریس کی قیادت ابھی جیت مکھرجی کے ٹی ایم سی میں شمولیت پر کیا رد عمل ظاہر کرتی ہے۔ابھی جیت مکھرجی کی بہن شرمسٹھا مکھرجی کانگریس میں رہتے ہوئے #دہلی سے #سیاست کرتی ہیں۔ 2015 کے دہلی اسمبلی انتخابات میں انہوں نے گریٹر کیلاش سیٹ سے الیکشن لڑا تھا،تاہم انہیں #انتخابات میں #عام آدمی پارٹی کے امیدوار سوربھ بھاردواج سے شکست ملی تھی ۔



