
حیدرآباد۔ (بذریعہ میل ) کوویڈ ٹیکہ کی تقسیم کیلئے تیاریاں کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاستی ‘ ضلعی اور منڈل سطحوں پر کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے تاکہ سخت ترین خطرہ کے حامل گروپس کو ترجیح دیتے ہوئے منصوبہ بندی و انجام دہی کی جاسکے ۔ اور اس کے بعد دوسروں کیلئے ٹیکہ کی تقسیم عمل میں لائی جاسکے ۔ جی او کے مطابق تیاری کے مرحلہ کے دوران کمیٹی کے ٹرمس آف ریفرنس میں ان بات کو یقینی بنانا بھی شامل ہیں کہ ٹیکہ کو متعارف کرانے کے سلسلہ میں مختلف سرگرمیوں کیلئے متعلقہ محکمہ جات کے ساتھ قریبی تال میل برقرار رکھا جائے ۔ پیانل کے مختلف ٹرمس آف ریفرنس میں مجموعی مائیکرو پلاننگ پر گہری نظر اور ٹیکے کو متعارف کرانے کے دوسرے کے کام کے پہلوئوں کی نگرانی بھی شامل ہے ۔ حکومت کی جانب سے اسٹیٹ اسٹیرننگ کمیٹی ‘ اسٹیٹ ٹاسک فورس ‘ ڈسٹرکٹ ٹاسک فورس اور منڈل ٹاسک فورس کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے ۔ چیف سکریٹری اسٹیٹ اسٹیرننگ کمیٹی کے سربراہ ہوں گے ۔ جبکہ اسٹیٹ ٹاسک فورس کی قیادت سکریٹری صحت کریں گے ۔ ضلع کلکٹر ڈسٹرکٹ ٹاسک فورس کے صدرنشین ہوں گے جبکہ منڈل ٹاسک فورس کی قیادت ایم پی ڈی او کی جانب سے کی جائے گی ۔



