
دہلی: نائب وزیراعلی سسودیا کادعویٰ سرکاری کاموں میں مداخلت کرتے ہیں ایل جی، انیل بیجل نے بتایا بے بنیاد
نئی دہلی، 23 جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ملک کے دارالحکومت #دہلی کے لیفٹیننٹ #گورنر #انیل بیجل (Lt Governor Anil Baijal) نے نائب وزیراعلی منیش #سسودیا(Deputy Chief Minister Manish Sisodia) کی جانب سے سرکاری کام میں مداخلت کرنے کے الزامات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ایل جی نے منیش سسودیا کے لگائے گئے تمام الزامات کی تردید کی ہے۔دراصل منیش سسودیا نے ایل جی کو ایک خط لکھا تھا۔ معلومات کے مطابق اس خط میں انہوں نے کہا تھا کہ پچھلے کچھ مہینوں سے ایل جی دہلی حکومت کے مختلف محکموں کے اہم #افسران سے #فون کرکے بات چیت کررہے ہیں۔
ساتھ ہی وہ کاموں سے متعلق رہنما اصول بھی دے رہے ہیں۔ بتادیں کہ منیش سسودیا کے لکھے ہوئے اس خط کو میڈیا میں عام کیا گیا تھا۔ان الزامات کے جواب میں ایل جی انیل بیجل نے کہا کہ یہ سارے الزامات بالکل بے بنیاد ہیں۔ کورونا وائرس کے بارے میں بات کرتے ہوئے ایل جی نے کہا کہ دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بہت سے فیصلے لے رہی ہے، جن سے براہ راست حکومت کو بھی آگاہ کیا جاتا ہے۔ ایسی صورتحال میں یہ کہنا مناسب نہیں ہوگا کہ دہلی حکومت کے کسی بھی کام کو روکا جارہا ہے۔



