
بلڈھانہ ،20اگست:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مہاراشٹرا کے بلڈھانہ ضلع میں سمردھی ہائی وے پروجیکٹ کے لیے مزدوروں کو لے جانے والا ٹرک پلٹ گیا، جس میں کم از کم 12 مزدور ہلاک ہوگئے۔اس کی اطلاع پولیس نے دی ہے۔ ابتدائی اطلاع کے مطابق یہ مزدور #بلڈھانہ ضلع کے سندھ کھیدراجہ تعلقہ کے دوسر بیڑ سے سمردھی #ہائی وے پر کام کرنے جا رہے تھے۔اسی درمیان تاڑے گاؤں میں یہ المناک حادثہ پیش آگیا۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ یہ واقعہ دوپہر 12 بجے کے قریب سندھ کھیدراجہ مہکر روڈ پر دوسربیڑکے قریب اس وقت پیش آیا جب مزدوروں کو ناگپور ممبئی سمردھی #ایکسپریس وے منصوبے پر کام کیلئے لے جایا جارہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ #ٹرک میں مزدور سوار تھے ۔ بلدھانہ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اروند چو ریا نے کہا کہ گاڑی تیز رفتارمیں تھی ، سڑک میں واقع ایک بڑے گڑھے کی وجہ سے پلٹ گئی، ا س میں کم از کم 12 مزدور ہلاک اور دیگر زخمی ہو ئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع کے بعد کنگ گاؤں راجہ پولیس اسٹیشن کے اہلکار موقع پر پہنچے اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ عہدیدار نے بتایا کہ کچھ زخمیوں کو ضلع جالنا کے بغرض علاج سرکاری اسپتال لے جایا گیا ، جبکہ دیگرزخمیوں کو کو سندھ کھید راجہ اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ان کے مطابق ان مزدوروں میں سے زیادہ تر کا تعلق صوبہ بہار اور یوپی سے تھا۔



