ٹیٹو نے نوین قتل کیس کو حل کردیا ، بیوی نے کیاتھاقتل ، دیگر7 ملزمان گرفتار
نئی دہلی ،30اگست:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دہلی پولیس کے دعویٰ کے مطابق:’ 10 اگست کو نیو فرینڈس کالونی تھانہ علاقہ کے سکھ دیو وہار نالے میں سوٹ کیس کے اندر پائے گئے نوین نامی شخص کی لاش کا معمہ حل کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق اس معاملہ میں مقتول کی بیوی اور ساس سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان سب کے خلاف قتل ، لاشوں کو ٹھکانے لگانے اور شواہد کوضائع کرنے سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
جبکہ اس معاملہ پر جنوب مشرقی دہلی کے ڈی سی پی آر پی مینا نے کہا کہ مقتول نوین کے دائیں ہاتھ پر بنائے گئے نوین کے نام کے ٹیٹو سے قتل کا راز فاش ہوا ہے، اسے 7 اگست کی رات قتل کر دیا گیا تھا، اس کی وجہ سے مردہ جسم گلنے لگاتھا ، لیکن ٹیٹو سے قتل کے معمہ کو حل کرنے میں بہت مدد ملی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ قتل میں استعمال ہونے والا چاقو ، لاش کو ٹھکانے لگانے کے لیے استعمال کیا جانے والا آٹو ، مقتول کا موبائل ، ملزمان کے 7 موبائل اور مقتول کے خون سے رنگے ہوئے کپڑے برآمد ہوئے ہیں۔
پولیس کے دعویٰ کے مطابق نوین اور مسکان کی شادی تقریباًچار سال قبل ہوئی تھی ، لیکن مسکان تقریبا ً7 ماہ سے اپنے شوہر سے الگ رہ رہی تھی،دریں اثناء 7 اگست کو نوین اپنی بیوی مسکان سے ملنے کے لئے نیب سرائے علاقہ آیا ۔ اس دوران نوین نے جمال نامی شخص مسکان کے گھر پایا ،جمال کی موجودگی سے وہ سخت برہم ہو گیا۔ جس سے معاملہ بڑھتا گیا ۔ نوک جھونک زیادہ بڑھنے پر اسی رات ملزم بیوی نے اپنے دوست جمال اور دیگرملزمان کے ساتھ مل کر نوین کو چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا،جبکہ لاش کو نیو فرینڈز کالونی علاقہ میں واقع نالے میں پھینکنے سے قبل لاش دھوکر ایک سوٹ کیس میں پیک کردیا ۔
اس دوران نوین کی بیوی کمرہ خالی کر کے اپنے ماموں کے گھر چلی گئی ۔ جبکہ ابتدائی طور پر مسکان نے پولیس کو اپنے شوہر کے ٹیٹو کے بارے میں بھی نہیں بتایا ، لیکن جب پولیس نے سختی سے پوچھا تو پوری حقیقت سامنے آگئی۔
اس کے علاوہ دہلی پولیس کو کال کی ڈیٹیلس سے پتہ چلا کہ مسکان اپنے دوست جمال کے ساتھ رابطے میں تھی، جبکہ جمال کے فون لوکیشن کا استعمال کرتے ہوئے مزید تفتیش پر پتہ چلا کہ وہ 7 اگست کو نہ صرف مسکان کے گھر پرتھا ،بلکہ جب لاش پھینکی گئی، تو وہ بھی وہاں موجود تھا۔ اس کے بعد تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے‘ ۔



