
وزیراعلیٰ کا اظہارِ افسوس
لکھنؤ ، ۴؍ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) اترپردیش کے شراوستی shravasti ضلع کے تھانہ ایکونا میں جمعہ کی شب تقریبا ً10 بجے گاؤں نارائن پور کے نزدیک قومی شاہراہ 730 پر ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آگیا، جس میں ۵ افراد کی المناک موت ہوگئی ہے۔ بہرائچ سے اتراولا واپس جا رہے مسافروں سے بھرا ٹیمپو سڑک پر پڑی اینٹ پر چڑھنے کے بعد پلٹ گیا، اس دوران مخالف سمت سے آرہے ایک ٹرک نے ٹیمپو میں سے سڑک پر گرے مسافروں کو کچل کر رات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا۔.
حادثے میں چار خواتین اور ایک مرد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ دودیگر خواتین زخمی ہوئی ہیں، جبکہ ایک چھوٹا بچہ اس حادثہ میں معجزاتی طور پر بچ گیا۔ ذرائع کے مطابق اینٹوں سے لدی ٹرالی کچھ دیر قبل نیشنل ہائی وے پر پنکچر ہوئی تھی ، جس کی کچھ اینٹیں مزدوری نے اٹھا کر ٹرالی کے آگے اور پیچھے رکھ دیں، تاکہ کوئی گاڑی ٹرالی سے نہ ٹکرا ئے،اس کے بعد ٹرالی کا پہیہ کھول کر کہیں پنکچر بنانے چلا گیا۔
دریں اثناء ضلع بلرام پور کے اترولا کے ہاشم پاڑہ کے پیڈیا گاؤں کے رہائشی تقریباً 9 افراد ایک ٹیمپو میں بہرائچ سے اپنے گھرکو واپس جا رہے تھے۔ اچانک سامنے سے آنے والے ٹرک کی تیز روشنی کی وجہ سے ٹیمپو ڈرائیور کچھ نہیں دیکھ سکا ، جس کی وجہ سے ٹیمپو سڑک پر پڑی اینٹ پر چڑھ گیا اور اچانک الٹ گیا،اس میں موجود تمام لوگ ٹیمپو سے سڑک پر گرپڑے، اسی دوران سامنے سے آنے والا ٹرک لوگوں کو روندکر رات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھاگ نکلا۔
گاؤں والوں کی اطلاع پر تھانہ ایکونا کی پولیس نے لاشوں کو قبضے میں لے لیا اور زخمیوں کو علاج کے لیے بھیج دیا ہے۔ کچھ دیر بعد پولیس سپرنٹنڈنٹ اروند کمار موریہ اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایکونا آر پی چودھری کمیونٹی ہیلتھ سنٹر پہنچے اور واقعہ کا جائزہ لیا۔پولیس نے جاں بحق ہونے والوں کی شناخت کرلی ہے۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت نظام (تقریباً 35 سال) ، قطب النساء (70 سال) ، روبینہ (تقریباً 25 سال) ، صفیہ ( 50 سال) ، پروین (تقریباً 25 سال) کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ سائرہ بانو اور اسما زخمی ہیں۔ ساتھ ہی ایک چھوٹا بچہ اور ٹیمپو ڈرائیور بچ گیا ہے ۔ریاستی وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے شراوستی میں واقع اس سڑک حادثے میں لوگوں کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔ وزیراعلیٰ یوگی نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ زخمیوں اور متأثرین کیلئے فوری علاج فراہم کیا جائے اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔



