بین ریاستی خبریں

چھتیس گڑھ: وزیراعلیٰ کے والد نند کمار بگھیل برہمنوں کیخلاف تبصرہ پر گرفتار

رائے پور ، 7ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)چھتیس گڑھ کے وزیراعلیٰ بھوپیش بگھیل Bhupesh Baghel کے والد نند کمار بگھیل Nand Kumar Baghel کو منگل کو برہمنوں کیخلاف قابل اعتراض تبصرہ کرنے پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انہیں دہلی سے گرفتارکرنے کی خبر ہے،انہیں رائے پور لایا گیا ہے ، جہاں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔نند کمار بگھیل کے خلاف رائے پور کے ڈی ڈی نگر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ایف آئی آر درج ہونے کے بعد ان کی گرفتاری یقینی سمجھی جا رہی تھی ۔ خیال رہے کہ وزیراعلیٰ بھوپیش کے والد نند کمار بگھیل نے لکھنؤ میں برہمن برادری کے ایک طبقہ کیخلاف متنازعہ تبصرہ کیا تھا۔ تبصرہ کے بعد اس سماج کے لوگوں میں ناراضگی تھی۔ رائے پور پولیس ایف آئی آر درج ہونے کے بعد انہیں گرفتار کرنے گئی تھی۔

والد کیخلاف شکایت کے بعد وزیراعلیٰ بھوپیش بگھیل نے خود والد کیخلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی تھی، بھوپیش بگھیل نے کہاتھا کہ انہیں ایک باپ کی حیثیت سے مکمل عزت دی جائے گی ،تاہم ماحول خراب کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ کوئی بھی شہری قانون سے بالا تر نہیں ہے ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button