
اورنگ آباد ،17ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مہاراشٹرا میں زعفرانی گروہ بی جے پی اور شیوسینا کے درمیان قربت پھر بڑھنے کے آثار نظر آ رہے ہیں ۔ اورنگ آباد کے ایک پروگرام میں شریک سی ایم ادھو ٹھاکرے نے بی جے پی کے سینئر لیڈر اور وزیر ریل راؤ صاحب دانوے کی طرف دیکھ کر انہیں اپنا سابق اور مستقبل کا ساتھی کہا۔ اس کے جواب میں وزیر راؤ صاحب دانوے نے کہا کہ اگر شیوسینا اور بی جے پی متحد ہوجائیں تو ووٹر خوش ہوجائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر دونوں پارٹیاں متحد ہوں گی تو مرکزی اور ریاستی حکومت کے درمیان بہتر تال میل قائم ہوگا۔ خیال رہے کہ دونوں پارٹیاںسخت گیر ہندوتوا وادی نظریہ کی حامل ہیں ۔سی ایم ٹھاکرے کے اس بیان پر سابق سی ایم دیویندر فڑنویس نے کہا کہ ان کی نیک خواہشات، ایک اچھی کوشش ہے ، لیکن سیاست میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ تاہم اس سلسلے میں بی جے پی کا کردار بہت واضح ہے۔ ہم اقتدار کی جستجو میں نہیں ہیں، ہم ایک مؤثر اپوزیشن کا کردار ادا کر رہے ہیں۔



