بین ریاستی خبریں

پنجاب کے نئے وزیراعلیٰ اورنائب وزرائے اعلیٰ کی حلف برداری،مودی کی مبارک باد

نئی دہلی20ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دلت کانگریسی لیڈرچرنجیت سنگھ چنی نے پنجاب کانگریس کے سیاسی بحران کے درمیان پیرکے روزپنجاب کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی بھی چنی کی تقریب حلف برداری میں پہنچے۔ گورنر پنجاب بنوری لال پروہت نے راج بھون میں منعقدہ ایک سادہ تقریب میں چننی کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے چرنجیت سنگھ چنی کو پنجاب کا وزیر اعلیٰ بننے پر مبارکباد دی۔چنی کے علاوہ سکھجندر سنگھ رندھاوا اور اوم پرکاش سونی نے بھی حلف لیا۔ دونوں کو ریاست کا نائب وزیر اعلیٰ بنایا گیا۔ پنجاب کانگریس انچارج ہریش راوت ، پی سی سی چیف نوجوت سنگھ سدھوسمیت کانگریس کے ایم ایل اے بھی پروگرام میں شریک ہوئے۔

ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا ہے کہ چرنجیت سنگھ چننی کو وزیراعلیٰ پنجاب کا حلف لینے پر مبارکباد۔ حکومت پنجاب کے ساتھ مل کر ہم ریاست اور عوام کی بہتری کے لیے کام کرتے رہیں گے۔چننی دلت سکھ برادری سے آتے ہیں اور امریندر حکومت میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کے وزیر تھے۔

وہ پنجاب کے پہلے دلت لیڈر ہیں ، جو ریاست کے وزیر اعلیٰ بنے۔ کہا جا رہا ہے کہ کانگریس ہائی کمان نے چننی ، جو کہ شیڈولڈ کاسٹ سے تعلق رکھتے ہیں ، کو سی ایم بنا کر ایک تیر سے کئی ہدف بنائے ہیں۔ تاہم بڑا سوال یہ ہے کہ کیا وزیراعلیٰ کی تبدیلی کے بعد پنجاب کانگریس کی سیاسی گھٹن ختم ہو جائے گی؟

متعلقہ خبریں

Back to top button