
چنڈی گڑھ ، 23ستمبر: (اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)گنور کے بائیں نامی گاؤں پر واقع جیوانند پبلک اسکول میں جمعرات کو ایک بڑا حادثہ پیش آگیا۔ا سکول کے ایک کمرے کی چھت گرنے سے تیسری کلاس کے 27 بچے ملبے تلے دب گئے۔ ساتھ ہی چھت پر مٹی ڈالنے کے کام میں مصروف 3 مزدور بھی ملبے میں دب کر زخمی ہو گئے۔ حادثہ کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیاگ جہاں سے سات بچوں کو تشویشناک حالت میں پی جی آئی روہتک ریفر کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کے دن گاؤں میں واقع جیوانند پبلک اسکول میں تیسرے کلاس کے کمرے کی کچی چھت پر مٹی ڈالی جا رہی تھی۔ اس دوران اچانک چھت ڈھہ کر گر گئی، جس کی وجہ سے کلاس میں زیر تعلیم 27 بچے اور چھت پر کام کرنے والے تین مزدور ملبے میں دب کر زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد اسکول میں بھگدڑ مچ گئی۔
زخمی بچوں اور مزدوروں کو ہسپتال پہنچایا گیا، جہاں ان سات بچوں کو تشویشناک حالت کے باعث روہتک ریفر کیا گیا۔جن بچوں کو تشویشناک حالت میں روہتک ریفر کیا گیا ہے ، ان کے نام انشو،لکشمی،سورج،اسکرتی،بھاؤنا،دویا،سلونی ہیں۔ اہل خانہ نے بچوں کو نجی اسپتالوں میں داخل کرایا ہے۔جب کہ 20 بچوں اور 3 مزدوروں کو ابتدائی طبی امداد دی گئی ہے۔
ساتھ ہی حادثہ کی اطلاع کے بعد ایس ڈی ایم سریندر دوہن ، سول سرجن جے کشور اور تھانہ انچارج دیویندر کمار بھی موقع پر پہنچے ہیں ، پولیس نے معاملہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔



