
دہلی-میرٹھ ایکسپریس وے پر سڑک حادثہ ، ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق
بجنور؍میرٹھ، 4اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)میرٹھ کے پرتاپور تھانہ علاقہ میں پیر کی صبح دہلی-میرٹھ ایکسپریس وے پر ایک دردناک حادثہ میں 5 افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ جاں بحق افراد بجنور کے مالے محلے کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔ دوسری جانب میرٹھ ایکسپریس وے پر سڑک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے عہدیداروں کو متأثرین کی فوری مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ کر واقعہ کے بارے میں دریافت کیا۔ پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے، جبکہ اہل خانہ یہ اندوہناک خبر ملنے پر میرٹھ پہنچ رہے ہیں۔ بتایاجا رہا ہے کہ نیند کی جھپکی آنے کی وجہ سے تیز رفتار کار ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کی وجہ سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ۔ واقعہ کے بعد جاں بحق افراد کے لواحقین میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق بجنور کے رہائشی تعظیم جو بریزا کار میں سوار تھے ، اپنے بیٹے کو دہلی ایئرپورٹ چھوڑ کر اپنے خاندان کے ساتھ بجنور واپس آرہے تھے۔ اس دوران نیند کی جھپکی کی وجہ سے کار کا توازن بگڑ گیا اور تیز رفتاری میں کار ٹول پلازہ کے قریب کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ کار میں سوار پانچ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ ایک آٹھ ماہ کا بچہ شدید زخمی ہو گیا۔
اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی بچے کو علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہسپتال میں داخل کرایا ہے ، نیز جاں بحق ہونے والے افراد کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی ہے۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کے نام تعظیم 30 سال ، اسماء 28 سال، زوجہ تعظیم ، جویریہ 16 بنت جسیم ، نفیسہ فاطمہ 60 زوجہ شاہد ، فاضلہ30 ۔ 8 ماہ کا عمیر ولد تعظیم ڈسٹرکٹ ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ پانچ افراد کی اندوہناک موت کی خبر سن کر اہل خانہ میں کہرام برپا ہوگیا ہے ۔



