تلنگانہ کی خبریں

سکریٹریٹ مساجد کی عنقریب تعمیر ‘اوقافی جائیدادوں کی تحقیقات کی مقررہ مدت میں تکمیل

نوٹری پر رجسٹریشن کی اجازت، اقامتی اسکولوں کی دسہرہ کے بعد کشادگی، مکہ مسجد کے کاموں کی جلد تکمیل، اسمبلی میں چیف منسٹر کا بیان

حیدرآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے نئے سکریٹریٹ کے احاطہ میں عالیشان اور خوبصورت مساجد کی تعمیر کے وعدہ کو دہرایا اور کہا کہ سکریٹریٹ کی #عمارت کی تکمیل کے ساتھ ہی #عبادتگاہوں کی تعمیر بھی مکمل کرلی جائے گی۔ چیف منسٹر نے اوقافی جائیدادوں کی سی بی سی آئی ڈی تحقیقات کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت دینے سے اتفاق کیا۔
انہوں نے عثمانیہ ہاسپٹل کی عمارت کی تعمیر اور اقلیتوں کے مسائل پر ارکان اسمبلی کے ساتھ اجلاس طلب کرنے کا تیقن دیا۔ چیف منسٹر نے ریاست میں نوٹری دستاویزات پر رجسٹریشن کی اجازت کے لئے عنقریب فیصلہ کرنے اور عوام کو رجسٹریشن کیلئے ایک مہلت دینے سے اتفاق کیا۔ انہوں نے 57 سال عمر کے افراد کو پنشن کے حصول کے لئے درخواست داخل کرنے کی مہلت میں 15 دن کی توسیع کا وعدہ کیا۔ تلنگانہ اسمبلی اجلاس کے آخری دن آج ریاست کی ترقی کے مسئلہ پر مباحث کا اہتمام کیا گیا۔
چیف منسٹر کے سی آر نے مباحث کا جواب دیتے ہوئے اقلیتوں کے مسائل کا بطور خاص ذکر کیا۔ #مجلس کے فلور لیڈر #اکبراویسی کی جانب سے پیش کردہ مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے سیاست چیف منسٹر نے کہا کہ مکہ مسجد کے تعمیری اور مرمتی کام جلد مکمل کرلئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عثمانیہ ہاسپٹل کی موجودہ عمارت کے تحفظ اور نئی عمارت کی تعمیر کے مسئل پر عنقریب فیصلہ کیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ #تلنگانہ ملک کی واحد ریاست ہے جہاں ہوم گارڈس کی تنخواہیں دیگر ریاستوں سے زیادہ ہیں۔ اس کے علاوہ #ٹریفک# پولیس کو 30 فیصد الاؤنس دیا جاتا ہے ۔ اوقافی جائیدادوں پر ناجائز قبضوں کا پتہ چلانے کے لئے سی بی سی آئی ڈی تحقیقات مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے عہدیداروں کو ہدایات جاری کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ طویل مدت تک تحقیقات جاری رکھنے سے مقصد کی تکمیل ممکن نہیں ہے ، لہذا جی او میں مقررہ مدت کا تعین کیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ سکریٹریٹ کی تعمیر کے سلسلہ میں قدیم عمارتوں کے انہدام کے دوران دو مساجد اور ایک مندر کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے مساجد اور مندر کی دوبارہ تعمیر کا وعدہ کیا ہے اور وہ اپنے وعدہ پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مساجد اور مندر بڑی اور عالیشان رہیں گی اور سکریٹریٹ کی تعمیر کی تکمیل تک عبادت گاہوں کی تعمیر کا کام مکمل کرلیا جائے گا ۔ انہوں نے اسلامک سنٹر کی تعمیر کا کام جلد شروع کرنے کا تیقن دیا۔
کے سی آر نے کہا کہ امراض گردہ کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے حکومت نے مزید 38 #ڈائیلاسیس سنٹرس قائم کئے ہیں۔ ریاست میں سرکاری سطح پر ڈائیلاسیس سنٹرس کی تعداد بڑھ کر 41 ہوچکی ہے۔ 10,000 سے زائد #گردہ کے مریضوں کو ڈائیلاسیس کیلئے آمد و رفت کی سہولت کے تحت مفت آر ٹی سی بس پاس جاری کئے گئے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی دور حکومت میں اوقافی جائیدادوں کی تباہی ہوئی ہے۔
ان کے دور میں تلنگانہ کو مختلف شعبوں میں نقصان ہوا۔ چیف منسٹر نے نوٹری دستاویزات پر رجسٹریشن کی سہولت کے بارے میں عنقریب اجلاس طلب کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ حکومت کو غریبوں سے مکمل ہمدردی ہے ۔ شہر کے ارکان اسمبلی کو مدعو کرکے نوٹری رجسٹریشن کیلئے مہلت دی جائیگی ۔
انہوں نے کہا کہ ایسے افراد جنہوں نے 57 سال عمر کیلئے #پنشن کی درخواست داخل نہیں کی ہے ، ان کیلئے مزید 15 دن کی مہلت دی جائے گی۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ 3.90 لاکھ نئے #راشن کارڈ جاری کئے گئے ہیں اور مزید درخواست گزاروں کے بارے میں عنقریب فیصلہ کیا جائیگا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں بہتر علاج کی فراہمی کیلئے حکومت نے 10,000 کروڑ خرچ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ شہر کے اطراف 4 سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل اور ہر سرکاری دواخانہ میں ہیلت انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے گا۔
ریاست میں ہر ضلع میں ایک میڈیکل کالج کے قیام کا منصوبہ ہے۔ سرکاری طرح پر میڈیکل کالجس کی تعداد محض 5 تھی جسے بڑھاکر 12 کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے دسہرہ کے بعد اقلیتی اقامتی اسکولوں کی کشادگی کا تیقن دیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں عدالت سے اجازت حاصل کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button