
بھوپال،09 ؍اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مدھیہ پردیش کے قبائلی اکثریتی دھار ضلع میں ایک بار پھر ایک خاتون کے ساتھ مار پیٹ کی تصویر منظر عام پر آئی ہے۔ ضلع کے مناور تھانے کے تحت مانڈوی گاؤں میں ایک خاتون کو اس کے پڑوسیوں اور دیہاتیوں نے برہنہ کرکے اس کے ساتھ استحصال کیااور اس کی پٹائی کی، جس کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے۔
برہنہ عورت لوگوں سے رحم کی بھیک مانگتی رہی لیکن درندوں نے رحم نہیں کیا۔بیوہ عورت کو صرف اس لیے پیٹا گیا کہ گاؤں والوں کا خیال تھا کہ عورت کی نظر خراب ہے اور وہ کالا جادو کرتی ہے۔ توہم پرستی کی وجہ سے ملزم نے خاتون کے گھر میں داخل ہوکر پہلے خاتون کے ساتھ بدسلوکی کی ، پھر اس کے بالوں کو پکڑ کر باہر گھسیٹا اور اسے لاتوں اور گھونسوں سے مارا۔ اور خاتون کو برہنہ کرکے انسانیت کی تمام حدیں پار کر دیں۔
اس دوران خاتون رحم کی بھیک مانگتی رہی لیکن کسی نے رحم نہیں کیا۔ملزمین کو شک تھا کہ خاتون جادوگری جانتی ہے ، جس کی وجہ سے اس کے خاندان کی عورت کی حالت ٹھیک نہیں ہو رہی ہے۔
اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔ یہ واقعہ 5 اکتوبر کا ہے لیکن پولیس نے 7 تاریخ کو شکایت درج کرکے 4 لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ اس کیس میں تین ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔



