پٹنہ ، 17اکتوبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)بہار کے دارالحکومت پٹنہ کی معروف ماڈل مونا رائے کا اتوار کو علاج کے دوران انتقال ہوگیا۔ مونا رائے کو حال ہی میں نوراتری میں ان کے گھر کے سامنے جرائم پیشہ افراد نے گولی مار ی تھی۔ واقعے کے بعد انہیں اندرا گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (آئی جی آئی ایم ایس) میں داخل کرایا گیاتھا۔
ابھی تک پولیس کو اس معاملہ میں کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔راجیو نگر تھانہ علاقہ کی رام نگر بسنت کالونی کی رہائشی 36 سالہ مونا رائے پیشہ سے ماڈل تھی اور شہر میں کافی مشہور بھی تھیں۔
بدمعاشوں نے انیتا کو ان کی 12 سالہ بیٹی کے سامنے ان کے دروازے پر گولی مار دی تھی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اسکوٹی سے پوجا کرکے مندر سے گھر لوٹی تھی۔ وہ 2020 میں مسز بہار میں حصہ لیا تھا ۔وہیں اس کا شوہر سمن فوٹو کاپی کی دکان چلاتا ہے۔
راجیو نگر تھانہ ا نچارج نے مونا رائے کی موت کی تصدیق کردی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مونا کو آئی جی آئی ایم ایس میں علاج کے لیے داخل کیا گیا تھا، اتوار کی صبح چار بجے ماڈل مونا رائے کا انتقال ہوا۔ پولیس کے مطابق اس معاملہ میں تفتیش تیز کر دی گئی ہے۔پولیس کے مطابق اس واقعے کی ایک وجہ’ معاشقہ‘ بھی ہوسکتا ہے۔واضح ہو کہ مونا رائے کی موت کے بعد اس کے بچوں کی حالت خراب ہے۔



