بین ریاستی خبریں

مہاراشٹرا : خاتون لیفٹیننٹ کرنل کی خودکشی معاملہ- سینئر فوجی افسر کے خلاف مقدمہ درج

ممبئی، 17 اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مہاراشٹرا کے پونے میں تین ماہ تک فوجی تربیت پر رہنے والی خاتون لیفٹیننٹ کرنل کی خودکشی کے سلسلے میں پولیس نے ایک اعلیٰ فوجی افسر کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

پولیس کے مطابق اہل خانہ کی شکایت کی بنیاد پر فوجی افسر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ الزام ہے کہ فوجی افسر نے خاتون کو خودکشی پر اکسایا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون فوج میں لیفٹیننٹ کرنل رینک کی افسر تھی۔

اس کی شادی کرنل رینک کے افسر سے ہوئی تھی لیکن طلاق کا معاملہ ان کے درمیان طویل عرصے سے زیر التوا ہے۔ خاتون نے گذشتہ بدھ کو پونے کے آرمی احاطے میں خودکشی کرلی تھی۔پولیس کی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ خاتون فوجی افسر اتراکھنڈ کی رہائشی تھی اور جے پور میں تعینات تھی۔

وہ تین ماہ کی فوجی تربیت کیلئے پونے آئی تھی، جہاں اس نے خودکشی کرلی۔ خاتون کے والد بھی ایک ریٹائرڈ فوجی افسر ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ موقع سے خاتون کا کوئی خودکشی نوٹ نہیں ملا۔ ایک اور خط ملا جو کہ خاتون کے کسی رشتہ دار کا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button