بین ریاستی خبریں

نواب ملک نے فڑنویس پر ڈرگس اسمگلر سے تعلقات کا الزام لگایا

اسمبلی میں جو باتیں میں سامنے لانے والا ہوں اس کے بعد  بی جے پی کے لوگ منھ دکھانے لائق نہیں رہیں گے: نواب ملک

ممبئی 1 نومبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) ہمیں دھمکیاں دی جارہی ہیں لیکن ہم اس طرح کی کھوکھلی دھمکیوں سے ذرا بھی نہیں ڈرتے۔ میں اسمبلی میں جو باتیں اٹھاؤنگا اس کے بعد بی جے پی کے لوگ ریاست میں عوام کو منھ دکھانے کے لائق نہیں رہیں گے۔ یہ باتیں آج یہاں راشٹروادی کانگریس پارٹی کے قومی ترجمان واقلیتی امور کے وزیرنواب ملک نے کہی ہیں۔

نواب ملک نے کہا کہ جن پر الزامات تھے وہ ضمانت پر رہا ہوچکے ہیں اور الزامات عائد کرنے والے خود کٹہرے میں کھڑے ہیں۔ فلم کا سیکوینس تبدیل ہوگیا ہے اس کا اثر تو ہوگا ہی۔جب تک یہ معاملہ اپنے منطقی انجام کو نہیں پہنچ جاتا، اس وقت میں خاموش نہیں بیٹھونگا۔انہوں نے کہا کہ دوسرا کوئی کے پی گوساوی ہے یا نہیں لیکن وہ اتنے خوفزدہ کیوں ہیں؟

داؤد یا گیان دیو، یاسمین یا جاسمین، کاشف خان یا کاشف ملک خان۔ اس فلم میں نام کی تبدیلی کا بڑا کھیل ہے لیکن نام تبدیل کرنے سے سچائی تبدیل نہیں ہوجائے گی۔نواب ملک نے کہا کہ سمیروانکھیڈے کے خاندان کے لوگ آٹھولے اورسومیا سے ملاقات کررہے ہیں۔اس سے قبل سمیروانکھیڈے آٹھولے سے ملاقات کرچکے ہیں جبکہ پسماندہ طبقات کے بھی کچھ لیڈران سے ملاقات کئے ہیں۔

بی جے پی کا ایک ایلچی جس کی رسائی سابق وزیراعلیٰ کے پرائیویٹ کیبن تک تھی و سمیروانکھیڈے سے ای ڈی کے دفتر میں جاکر ملاقات کرتا ہے۔ وہ سابق وزیراعلیٰ کے اتناقریبی ہے کہ وہ اس کے گھر بھی جاتے تھے۔جب سے میں نے این سی بی کی جعلسازی کو بے نقاب کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے اس وقت سے یہ ایلچی ای ڈی کے دفتر میں جانا شروع کیا ہے۔

وہ کیوں جاتا ہے؟ کس کے لئے جاتا ہے؟ کس کے اندر کون ساخوف ہے؟ ان سب جعلسازیوں کے پسِ پردہ کی کیا کہانی ہے؟ یہ بہت جلد عوام کے سامنے اجاگر ہوجائے گا۔

نواب ملک نے کہا کہ سمیروانکھیڈے نے گزشتہ روز پسماندہ طبقات کمیشن کے وائس چیئرمین ارون ہلدر سے ملاقات کی جس کے بعد ہلدر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وانکھیڈے نے اپنا مذہب تبدیل نہیں کیا ہے۔ ہلدرکومعلوم ہونا چاہئے کہ وہ ایک آئینی عہدے پر ہیں۔.

اگر ان کے پاس کوئی شکایت آتی ہے تو انہیں اس کی تحقیقات کرانی چاہئے اور اس پر کارروائی کرتے ہوئے رپورٹ کو پارلیمنٹ میں پیش کرنا چاہئے اور اس پر اپنی سفارش کرنی چاہئے۔ لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوا اور ہلدر نے اپنی طرف سے اعلان کردیا کہ سمیر وانکھیڈے نے مذہب تبدیل نہیں کیا ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ وہ ایسا کیسے کرسکتے ہیں؟

وزیر نواب ملک نے  مہاراشٹرا کے سابق وزیر اعلیٰ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر دویندر فڑنویس پر ڈرگس اسمگلر جے دیپ رانا سے قریبی تعلقات ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔

ملک نے ٹوئٹر پر دو تصاویر شیئر کی ہیں۔ پہلی تصویر میں رانا کے ساتھ فڑنویس نظر آرہے ہیں جب کہ دوسری میں فڑنویس کی اہلیہ امرتا نظر آرہی ہیں۔انہوں نے فڑنویس پر گزشتہ دو سالوں میں نشہ آور مواد کی برآمدگی میں اہم رول ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔

ملک نے یہاں میڈیا کو بتایاکہ فڑنویس کے اشارے پر ریاست میں نشہ آورمواد کی برآمدگی ہورہی ہے۔ ان کا تعلق نشہ آور مواد کے اسمگلر سے ہے اور وہ ریاستی حکومت کو دو سالوں سے غیر مستحکم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے ٹی سیریز کے لیے سونو نگم کے ذریعہ گائے گئے گانے کی لانچ فوٹو بھی جاری کیے ہیں۔

جس میں رانا کے ساتھ سابق وزیر اعلیٰ کی بیوی امرتا فڑنویس نظر آرہی ہیں۔ دیگر تصویر میں رانا کے ساتھ وزیر مالیات سدھیر منگتی وار اور سابق وزیر اعلیٰ نظر آرہے ہیں۔ ملک نے کہا کہ وہ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کو مکتوب لکھ کر معاملے کی عدالتی جانچ مرکزی جانچ بیورو سے کرانے کی مانگ کریں گے۔

 ملک نے کہا کہ ممبئی کروز ڈرگ معاملے میں دیے گئے اپنے سبھی بیانات پر وہ قائم ہیں، جس میں اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے 28 دنوں تک حراست میں رہا تھا۔ ملک نے کہا کہ سمیر وانکھیڑے کی پیدائش مسلم خاندان میں ہوئی تھی۔ انہوں نے سرکاری فوائد اور نوکری حاصل کرنے کے لیے اپنا مذہب تبدیل کرکے درج فہرست کا فائدہ حاصل کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button