بین ریاستی خبریں

مغربی بنگال ضمنی انتخابات،’کھیلا ہو ُبے ‘کا دلکش نظارہ: ٹی ایم سی نے بھاجپا کو چاروں اسمبلی سیٹوں پردھول چٹادی، بھاجپا کوشکست فاش

کولکاتہ، ۲؍ نومبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مغربی بنگال کی چار اسمبلی سیٹوں کے ضمنی انتخابات میں وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کی پارٹی ترنمول کانگریس نے یکطرفہ جیت حاصل کرلیا ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ٹی ایم سی نے چاروں سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

ٹی ایم سی نے گوسابا، دن ہاٹا، کھرداہ اور شانتی پور اسمبلی سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ترنمول کانگریس کے امیدوار سبرت منڈل نے گوسابا اسمبلی سیٹ پر 1,43,051 ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی ہے ،جبکہ دن ہاٹا میں ٹی ایم سی امیدوار اُدین گوہا نے اپنے حریف کو 1,64,089 ووٹوں سے شکست دی، اسی طرح پارٹی کے امیدوار شوبھندیو چٹواپادھیائے نے کھرداہ اسمبلی سیٹ پر 93,832 ووٹوں کے فرق سے جیت حاصل کی ہے۔

اس کے علاوہ شانتی پور اسمبلی سیٹ پر ترنمول امیدوار برج کشور گوسوامی نے بی جے پی امیدوار نرنجن بسواس کو 64,675 ووٹوں سے شکست فاش دی۔مکمل نتائج آنے سے پہلے ہی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اپنے چار امیدواروں کو ان کی جیت پر مبارکباد دی ہے۔

انہوں نے ٹویٹ کرکے کہا کہ چاروں امیدواروں کو اس جیت پر مبارکباد پیش کرتی ہوں، یہ عوام کی جیت ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بنگال کے عوام جھوٹے پروپیگنڈے اور نفرت کی سیاست پر ہمیشہ ترقی اور اتحادکو انتخاب کرتے ہیں ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button