بین ریاستی خبریں

لکھیم پور کھیری: بندر کو کچلنے کے جرم میں بس ڈرائیور پر 2.5 لاکھ روپے کا جرمانہ

لکھیم پور کھیری، 3 نومبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اتر پردیش کے دودھوا ٹائیگر ریزو کے کور فاریسٹ ایریا میں ایک بندر کچلنے کی پاداش میں بس ڈرائیور پر 2.5 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ جنگلات کے افسران نے کہا کہ ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی، لیکن اسے حراست میں لے لیا گیا اور بس کو بھی قبضہ میں لے لیا گیا۔ مالک کی جانب سے جرمانہ ادا کرنے کے بعد ہی گاڑی کو چھوڑا گیا۔

بس ایک مقامی ٹرانسپورٹر سے وابستہ ہے اور یہ لکھیم پور کھیری ضلع کے پلیا اور گولا قصبوں کے درمیان دن میں کئی مرتبہ چلائی جاتی ہے۔رینج افسر منوج کشیپ نے کہا کہ چونکہ حادثہ ایک ریاستی شاہراہ پر پیش آیا، لہذا اس معاملہ میں صرف جرمانہ کا التزام ہے۔

بصورت دیگر ڈرائیور کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر گاڑی پر الگ جرمانہ ادا کرنا ہوتا ہے۔ ذرائع کے حوالہ سے خبر دی گئی ہے کہ بس 70 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے دوڑ رہی تھی جبکہ اس راستہ پر رفتار کی حد 40 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

عموماً چیک پوسٹ پر تعینات ملازمین جنگل سے گزرنے والی گاڑیوں پر نظر رکھتے ہیں اور ٹرکوں و بسوں جیسی بھاری گاڑیوں کے داخل ہونے کے مقام پر کاغذ کی ایک پرچی جاری کی جاتی ہے۔اس کے بعد ڈرائیوروں کو 22 منٹ کے اندر جنگل پار کرنے کی صلاح دی جاتی ہے۔

اس سے ہر گاڑی کی رفتار پر نظر رکھی جا سکتی ہے۔ خیال رہے کہ لکھیم پور کھیری ضلع کے مختلف جنگلات کے علاقوں میں گزشتہ 2 سالوں کے اندر تیز رفتار گاڑیوں کی زد میں آنے سے 8 گھڑیالوں کی موت ہو چکی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button