بین ریاستی خبریں

کیرالہ میں دو سیاسی لیڈر کا قتل، الاپوزا ضلع میں پیر تک حکم امتناعی نافذ

الاپوزا،19دسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کیرالہ کے الاپوزا ضلع میں 12 گھنٹے سے بھی کم وقت میں دو سیاسی قتل سے ریاست میں سراسیمگی پھیل گئی ہے۔ واقعہ کے بعد ضلع میں پیر تک حکم امتناعی نافذ کر دیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ بی جے پی کے او بی سی مورچہ کے ریاستی سکریٹری اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) کے سکریٹری کو 12 گھنٹے سے بھی کم وقت میں الاپوزا میں قتل کر دیا گیا ہے۔

بی جے پی لیڈر رنجیت سری نواسن Ranjith Srinivasan کا مبینہ طور پر ایس ڈی پی آئی کارکنوں نے اتوار کو ان کی رہائش گاہ پر قتل کر دیا تھا۔ بی جے پی لیڈر کے قتل سے قبل ایس ڈی پی آئی لیڈر کے ایس شان کو ہفتہ کی رات قتل کر دیا گیا تھا۔رپورٹ کے مطابق کے ایس شان کل رات اسکوٹر سے اپنے گھر جا رہے تھے کہ کار میں بیٹھے چار افراد نے اسکوٹر کو ٹکر مار ی، جس کے بعد کچھ حملہ آور گاڑی سے باہر آئے اور ایس شان پر تیز دھار سے حملہ کردیا۔

اس واقعہ کے بعد سے زخمی حالت میں ا رناکولم کے ایک پرائیویٹ اسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑگئے۔وزیر اعلیٰ وجین نے ایک پیغام میں پولیس کو ہدایت دی ہے کہ قتل میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

وزیر اعلیٰ نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف متحد ہو جائیں جو سماجی ہم آہنگی کو بگاڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔کیرالہ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر وی ڈی ساتھیسن نے الزام لگایا کہ اس حملے کے پیچھے مذہب کی بنیاد پر لوگوں کو تقسیم کرنے کی کوشش تھی۔

سابق اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے سینئر لیڈر رمیش چنیتھلا نے الزام لگایا کہ سیاست دانوں کے قتل سے پولیس کے لا اینڈ آرڈر کی بدترصورت حال ظاہر ہوتی ہے۔بی جے پی کے ریاستی صدر کے سریندرن نے سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آ ف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) اور پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہشت گرد تنظیموں کی طرح کام کر رہے ہیں اور حکمران کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا-مارکسسٹ (سی پی آئی ایم) کے رہنماؤں کی حمایت سے آر ایس ایس ور بی جے پی کا رکنان کو تہہ تیغ کر رہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ الاپوزا ضلع کی صورتحال کے پیش نظر آج سے پیر تک کیلئے امتناعی احکامات نافذ کردیئے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button