چنڈی گڑھ ،23 ؍دسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)جمعرات کو پنجاب کے شہر لدھیانہ میں عدالت کے احاطے میں ہونے والے دھماکے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔ دھماکے میں چار افراد شدید زخمی ہیں ۔ دھماکے کی وجہ معلوم کی جا رہی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق دھماکہ لدھیانہ کورٹ کے واش روم میں ہوا۔ اس واقعہ کی وجہ سے عدالت کے احاطے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔
پولیس ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے۔ دھماکہ 12 بج کر 22 منٹ پر کورٹ کمپلیکس کی دوسری منزل پر واقع باتھ روم میں ہوا۔ دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ اس سے باتھ روم کی دیواروں کو نقصان پہنچا اور ملحقہ کمروں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔لدھیانہ ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس میں دھماکے پر پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی نے کہا کہ اسمبلی انتخابات قریب آتے ہی کچھ ملک دشمن عناصر ایسی حرکتیں کر رہے ہیں، حکومت بیدارہے، قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا۔
دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے کہا کہ پنجاب پولیس کو معاملے کی تہہ تک جانا چاہیے۔ ٹویٹ میں کیپٹن نے کہاکہ لدھیانہ کورٹ کمپلیکس میں دھماکے کی پریشان کن خبر آئی ہے۔
2 افراد کی ہلاکت کی خبر سن کر غم ہوا، زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔ پنجاب پولیس کو اس کی تہہ تک جاناچاہیے۔



