گوا میں ممتابنرجی کو جھٹکا پانچ لیڈروں نے ٹی ایم سی چھوڑی،کہا،پرشانت کشور کی کمپنی بے وقوف بنا رہی ہے
کولکاتہ 25دسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو گوا میں بڑا سیاسی جھٹکا لگا ہے۔ ترنمول کانگریس کے پانچ لیڈران بشمول سابق ایم ایل اے لاو مملتدار نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ممتابنرجی کو اپنے خط میں انہوں نے کہاہے کہ ہم ایسی پارٹی کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے جو گوا کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
لاو مملتدار کے علاوہ استعفیٰ دینے والوں میں رام مندریکر، کشور پروار، کومل پروار اور سوجے ملک کے نام شامل ہیں۔ انہوں نے کہاہے کہ ہم نے ٹی ایم سی میں اس امید کے ساتھ شمولیت اختیار کی تھی کہ یہ گواکے لیے روشن دن لائے گا۔ لیکن یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ٹی ایم سی گوا اور گوا کے لوگوں کونہیں سمجھ پائی ہے۔
سیاسی حکمت عملی کے ماہر پرشانت کشور کی قیادت میں آئی پی اے سی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاہے کہ آپ سب نے گوا میں اپنی مہم کے لیے جس کمپنی کو رکھا ہے، وہ گوا کے لوگوں کو بے وقوف بنا رہی ہے۔ وہ گوا کے لوگوں کے نبض کو نہیں سمجھتے ہیں۔



