
ممبئی ،30 ؍دسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) کورونا کی نئی قسم اومیکرون کے پھیلاؤ کے پیش نظرممبئی پولیس نے ہوٹلوں اور ریستورانوں سمیت کسی بھی بند یا کھلی جگہ پر نئے سال کی تقریبات اور اجتماعات پر پابندی لگا دی ہے۔ ایک اہلکار نے جمعرات کو یہ جانکاری دی۔
اس سلسلے میں ایک حکم بدھ کو ڈپٹی کمشنر آف پولیس (آپریشنز) ایس چیتنیا نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 (سی آر پی سی) کے تحت جاری کیا۔ اہلکار نے کہا کہ یہ حکم جمعرات سے 7 جنوری 2022 تک نافذ العمل رہے گا۔
پولیس کے حکم نامے میں کسی بھی بند یا کھلی جگہ پر نئے سال کی تقریبات، اور اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے، ہوٹل، ریستوراں، بینکوئٹ ہال، بار، پب، آرکسٹرا، ریزورٹس، کلب اس میں شامل ہیں۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ٹرینیں، بسیں اور پرائیویٹ کاریں موجودہ گائیڈ لائنز اور قواعد کے مطابق چل سکتی ہیں۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کورونا کے معاملات میں اضافے اور اومیکرون کے پھیلائو کے بعد ممبئی میں انفیکشن کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ امتناعی احکامات انسانی جان کو لاحق خطرات کو روکنے، لوگوں کی صحت اور حفاظت کے تحفظ اور وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے جاری کیے گئے ہیں۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والا شخص تعزیرات ہند کی دفعہ 188 (سرکاری ملازم کی طرف سے جاری کردہ حکم کی نافرمانی) کے ساتھ ساتھ وبائی قانون اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کی دفعات کے تحت سزا کا ذمہ دار ہوگا۔



