میں نے کانگریس چھوڑ ا، لیکن مہاتما گاندھی اور نہرو کے خیالات کو کبھی نہیں چھوڑا: شرد پوار
پونے ،30 ؍دسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے کہا کہ انہوں نے اپنی پارٹی بنانے کے لیے کانگریس سے علیحدگی کے بعد بھی مہاتما گاندھی، پنڈت جواہر لال نہرو اور یشونت راؤ چوہان کے نظریات کو کبھی نہیں چھوڑا۔ وہ پونے میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں افسوس نہیں ہے کہ انہوں نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی بنانے کے لئے 1999 تک انتظار کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں 1958 میں پونے آیا تھا۔
میرے جیسے نوجوان گاندھی، نہرو اور چوان کے نظریات سے متاثر تھے۔ ہم نے اس خیال کو اپنایا اور اس پر کام کیا۔ کانگریس اس نظریے کی بنیاد تھی اور اس لیے اس سے دور ہونے کا کبھی نہیں سوچا۔ کبھی کچھ الگ ہونے کا نہیں سوچا۔
مجھے یہ فیصلہ (نیشنلسٹ کانگریس پارٹی بنانے کا) لینا پڑا۔ کیونکہ کانگریس نے مجھے چھ سال کے لیے پارٹی سے نکال دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں کچھ رائے رکھنے کی قیمت ادا کی جو ’’ہضم‘‘ نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کانگریس چھوڑ کر این سی پی بنائی، لیکن ہم نے گاندھی، نہرو اور چوہان کے نظریات کو کبھی نہیں چھوڑا۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا عام خیال ہے کہ کانگریس کو مرکزی دھارے میں لانے کے لیے پوار کی مدد کی ضرورت ہوگی۔ تو اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام ہم خیال لوگ اکٹھے ہوں۔



