اتراکھنڈ: سالِ نو کا جشن منانے آئے 28 سیاح کرونا متأثر ، محکمہ صحت میں مچی کھلبلی
دہرا دون ،3؍ جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) سال نو کا جشن منانے رشی کیش آئے 28 سیاحوں کے کرونا سے متاثر پائے جانے کے بعد انتظامیہ اور محکمہ صحت میں ہلچل مچ گئی۔تمام سیاح اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔ محکمہ صحت سیاحوں کے رابطے میں آنے والے مقامی لوگوں کو فون کرکے تفصیلات اکٹھا کر رہا ہے۔پوَڑی محکمہ صحت کو پیر کو موصول ہونے والی آر ٹی پی سی آر کی جانچ کی رپورٹ میں لکشمن جھولا گھومنے آئے 28 سیاح کورونا پازیٹیو پائے گئے۔ ان سیاحوں کے نمونے 31 دسمبر کو لیے گئے تھے۔
یم کیشور بلاک کے کرونا نوڈل آفیسر ڈاکٹر راجیو کمار نے بتایا کہ کرونا سے متاثرہ سیاح دہلی، ہریانہ اور اتر پردیش کے میرٹھ اور مظفر نگر کے رہائشی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ تمام سیاح اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔ سیاحوں کے متاثر ہونے کی اطلاع متعلقہ ضلع کے محکمہ صحت کو بھیج دی گئی ہے۔
وہیں متاثرہ افراد کو فون کرکے ان کے رابطے میں آنے والے مقامی لوگوں کے بارے میں بھی تفصیلات اکٹھی کی جارہی ہیں۔ ہوٹل، جنگل کیمپ اور ہوم اسٹے کے تمام ملازمین کے کرونا ٹیسٹ کے لیے نمونے لیے جائیں گے ،جہاں متاثرہ سیاح ٹھہرے تھے۔
وہیں دہرادون ضلع میں کورونا انفیکشن کی رفتار تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ مریضوں کی بڑی تعداد میں مسلسل کورونا انفیکشن کی تصدیق ہو رہی ہے۔ اس کے پیش نظر محکمہ صحت حکمت عملی میں تبدیلی کر رہا ہے۔
جیسے جیسے انفیکشن کی شرح بڑھ رہی ہے، محکمہ اب کنٹین منٹ اور مائیکرو کنٹین منٹ زون کی تشکیل پر زور دے رہا ہے۔ اس وقت آٹھ کنٹن منٹ زون بنانے کی سفارش کی گئی ہے۔ ہسپتالوں کو بھی زیادہ چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ضلع میں پچھلے کچھ دنوں سے سامنے آنے والے کورونا مریضوں کی تعداد تشویشناک ہے۔



