سورت،06؍ جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) جمعرات کو گجرات کے سورت ضلع میں ایک فیکٹری سے مبینہ طور پر کیمیکل سے بھرے ٹینکر سے زہریلے دھوئیں نکلنے کی وجہ سے فیکٹری کے چھ مزدوروں کی موت ہو گئی اور تقریباً 22 دیگر اسپتال میں داخل ہیں۔ سورت میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) کے انچارج چیف فائر آفیسر بسنت پاریک نے بتایا کہ حادثے کے وقت مزدور سچن انڈسٹریل ایریا میں واقع ڈائینگ فیکٹری میں سو رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ فائر ڈپارٹمنٹ کو تقریباً 4.25 بجے اس واقعہ کی اطلاع ملی۔ زہریلے دھوئیںسے تقریباً 25-26 مزدور بے ہوش ہو گئے تھے، یہ دھواں فیکٹری کے قریب نصب ایک ٹینکر سے نکل رہا تھا۔ مزدوروں کو نیو سول اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
سول اسپتال کے ریزیڈنٹ میڈیکل آفیسر اونکار چودھری نے کہاکہ چھ مزدوروں کی موت ہو گئی ہے، جب کہ 22 دیگر زیر علاج ہیں۔ چیف منسٹر بھوپیندر پٹیل نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ سورت میں گیس لیک ہونے سے کئی لوگوں کی موت ہو گئی۔ بھگوان ان کی روح کو شانتی دے اور ان کے خاندان کو صبر کرنے کی ہمت دے۔ میں متاثرین کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔



