بین ریاستی خبریں

  جموں   کشمیر کے  عوام کی  بیداری لازمی : بصورت دیگر نوجوانوں کو پاؤں رکھنے کیلئے جگہ نہیں بچے گی: محبوبہ مفتی

سری نگر، 7جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)پی ڈی پی صدر اورجموں کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ اگر جموں و کشمیر کے لوگ ابھی بھی نہیں بیدار ہوئے، تو ایسے حالات بنائے جائیں گے کہ یہاں کے نوجوانوں کو پاؤں دھرنے کے لئے بھی زمین نہیں بچے گی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سرکار نے ان کی پارٹی کے ٹکڑے ٹکڑے کر دئے اور جب وہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی آواز اٹھاتی ہیں ،تو مرکزی حکومت ان سے ڈرتی ہے۔موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعے کے روز پی ڈی پی کے بانی اور ان کے والد مرحوم مفتی محمد سعید کی چھٹی برسی کے موقع پر جنوبی کشمیر کے قصبہ بجبہاڑہ میں واقع ان کے مزار دارا شکوہ پارک پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
اس موقع پر بھاری تعداد میں پارٹی لیڈران و کارکنان بھی موجود تھے، اور وہ مرحوم مفتی محمد سعدی صاحب زندہ باد‘ کے نعرے بھی لگا ئے رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ اگر جموں و کشمیر کے لوگ، چاہے وہ جموں کے ڈوگرہ ہوں ، گجر ہوں یا کشمیری ہوں، آج بھی  بیدار نہیں ہوئے ، تو ایک وقت آئے گا، جب ایسے حالات بنائے جائیں گے کہ یہاں کے لوگوں خاص کر نوجوانوں کو پاؤں رکھنے کے لئے بھی زمین نہیں بچے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ میری پارٹی کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیئے گئے، اور جب میں جموں و کشمیر کے لوگوں کی آواز اٹھاتی ہوں تو وہ ہم سے ڈرتے ہیں ،میری پارٹی سے ڈرتے ہیں، جو ہم دفعہ 370 کی بات کرتے ہیں اس سے خوف کھاتے ہیں۔موصوفہ نے کہا کہ ہمارے کارکنان آج  یہاں مرحوم مفتی صاحب کی برسی پر ان کو خراج عقیقت پیش کرنے کے لئے آئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ان کا مقابلہ کرتے رہیں گے جس طرح باہر کے لوگوں نے ان کا مقابلہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اپنے حقوق کے حصول کے لئے ہمیں ان کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا، ہمیں ہمت نہیں ہارنی  چاہیے ۔ واضح ہو کہ مفتی محمد سعید کا انتقال 7 جنوری 2016 کو ہوا تھا ،اور انہیں اپنے آبائی علاقہ ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ میں سپرد خاک کیا گیا تھا۔
وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے دسمبر 2015 کے تیسرے ہفتے میں سری نگر کا تفصیلی دورہ کرنے کے بعد ان کی طبیعت بگڑ گئی تھی اور انہیں علاج و معالجے کے لئے دہلی لایا گیا تھا، لیکن وہ جانبر نہیں ہو سکے۔مفتی محمد سعید نے کانگریس کے ساتھ قریب تین دہائیاں گذار کر سال1999 میں اپنی دختر اور موجودہ پارٹی صدر محبوبہ مفتی کے ہمراہ پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کا قیام عمل میں لایا، اور پارٹی کے قیام کے صرف تین سال بعد وہ 2 نومبر سال 2002 کو جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ مقرر ہوئے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

Back to top button