بین ریاستی خبریں

 اعظم خان کی مشکلات بڑھنے کا خدشہ، یوپی کی یوگی سرکار کی تیاری  

لکھنؤ، 7جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)یوپی اسمبلی انتخابات سے پہلے سماج وادی پارٹی کے قدآور لیڈراور لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ اعظم خان کی مشکلات بڑھنے والی ہیں،کیونکہ ریاستی حکومت نے اعظم خان کی ضمانت کو منسوخ کرنے کے لیے الہ آباد ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی ہے۔
ہائی کورٹ اب ریاستی حکومت کی درخواست پر 2 فروری کو سماعت کرے گی۔ خیال رہے کہ اعظم خان کو رام پور میں درج ایک درجن فوجداری مقدمات میں ضمانت مل چکی ہے اور ریاستی حکومت نے اس ضمانت کو منسوخ کرنے کی درخواست دائر کی ہے۔
اعظم خان کیخلاف درجنوں مبینہ مقدمات درج ہیں جن میں مولانا محمد علی جوہر ٹرسٹ کے ذریعہ غیر قانونی طور پر زمین کی خرید بھی شامل ہے۔ ضمانت منسوخی کی درخواست گزشتہ ایک سال سے زیر التوا ہے۔اعظم خان طویل عرصے سے سیتا پور ڈسٹرکٹ جیل میں بند ہیں۔
ان کے خلاف گزشتہ چند سالوں میں مختلف الزامات کے تحت کئی مجرمانہ مقدمات درج کیے گئے تھے۔ زیادہ تر مقدمات رام پور ضلع میں ہی درج کیے گئے ہیں۔ ان کی بیوی اور بیٹا بھی کئی مقدمات میں ملزم ہیں اور گرفتار بھی ہوئے۔ فی الحال اعظم خان کو کئی مقدمات میں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جس کی منسوخی کے لیے صرف درخواست دائر کی گئی ہے۔
یو پی میں انتخابی ماحول ہے اور ایسے میں اگر اعظم خان کی ضمانت مسترد ہو جاتی ہے اور وہ جیل سے باہر نہیں آتے ہیں، تو سیاسی طور پر ایس پی کو بڑے نقصان کا خدشہ ہے،کیونکہ اعظم خان کا سیاسی قد بڑا ہے،ایس پی میں اور مسلم طبقہ میں اعظم خان کا ا ثر ورسوخ بھی ہے ، ایسے میں دیکھنا یہ ہے کہ اعظم خان کو الیکشن سے پہلے راحت ملتی ہے یا نہیں ؟ ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button