بین ریاستی خبریںجرائم و حادثات

  لرزہ خیز :پانچ بچوں کی ماں کا گلاریت کر قتل، کھیت سے نعش برآمد، تحقیقات شروع 

سہارنپور ،14جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سہارنپور کے ناگل تھانہ علاقہ کے رسول پور کھیڑی گاؤں میں جمعہ کی صبح ایک سنسنی خیز واقعہ پیش آگیا۔ یہاں پانچ بچوں کی ماں کا بہیمانہ طریقہ سے گلا ریت کر قتل کر دیا گیا۔ متوفی کی سربریدہ ہوئی نعش جنگل میں پڑی ہوئی ملی۔ اطلاع کے بعد سی او اور کرائم برانچ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور فرانزک ٹیم کی مدد سے جائے وقوعہ کی جانچ کی۔
مقتولہ کے شوہر نے مقتولہ کے عاشق پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ نواحی گائوں کا رہائشی ہے ، اس نے ناجائز تعلقات کی بنا پر قتل کو انجام دیا ہے۔ پولیس نے نعش کا پنچنامہ بھر کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیاہے۔ تفصیلات کے مطابق گاؤں رسول پور کھیڑی کے رہنے والے ایک شخص کی بیوی جمعرات کی شام 4 بجے اپنے میکے سے آئی تھی۔
اس کے شوہر کے مطابق وہ رات 10 بجے اچانک غائب ہو گئی۔ گھر والوں نے اس کی تلاش کی لیکن کوئی سراغ نہیں ملا۔جمعہ کی صبح جب گاؤں کے لوگ کھیتوں کی طرف گئے، تومقتولہ سیما کی سربریدہ لاش کھیت میں پڑی ہوئی ملی۔اس کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی۔
اطلاع پر سی او دیوبند درگا پرساد تیواری، ایس ایچ او بنو چودھری، کرائم برانچ اور فرانزک ٹیم موقع پر پہنچی۔ تفتیش کے بعد پولیس نے پنچنامہ بھرنے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ سی او درگا پرساد تیواری نے بتایا کہ مقتولہ کے شوہر نے پڑوسی گاؤں کے گاؤں والے پر اپنی بیوی کو قتل کرنے کا الزام لگایا ہے۔
الزام ہے کہ خاتون کے ملزم کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے۔ انہوں نے کہا کہ تحریر کی بنیاد پر رپورٹ درج کرنے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ متوفی خاتون پانچ بچوں کی ماں تھی، مقتولہ کا ایک بیٹا اور چار بیٹیاں ہیں، بڑے بیٹے کی عمر 14 سال ہے ،جبکہ سب سے چھوٹے بچے کی عمر صرف دو سال ہے۔ 

متعلقہ خبریں

Back to top button