تلنگانہ کی خبریں

زرعی ، غیر زرعی اراضیات ، اپارٹمنٹس کے فلیٹس کی نئی مارکٹ قدر تعین کرنے کا عمل مکمل

سافٹ ویر اپ ڈیٹ کے لیے 31 جنوری کو رجسٹریشن روکا جاسکتا ہے ، یکم فروری سے نئی قیمتوں پر عمل کا امکان

حیدرآباد ۔:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) محکمہ اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن نے ریاست میں زرعی غیر زرعی اراضیات کی نئی مارکٹ قیمت تعین کرنے کا عمل مکمل کردیا ہے ۔ حکومت نے یکم فروری سے نئی مارکٹ قدر پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جس کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ محکمہ اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن کے آئی جی شیشادری کی قیادت میں سینئیر عہدیداروں اور اضلاع رجسٹرارس گذشتہ چار دن تک مارکٹ کی نئی قدر کے تعین سے متعلق تمام تیاریاں کرتے ہوئے اتوار کو اس کی رپورٹ تیار کرچکے ہیں ۔

ریاست کے 33 اضلاع میں واقع 141 سب رجسٹرار دفاتر کے حدود میں زرعی اراضیات خالی اراضیات اپارٹمنٹس کے فلیٹس کی نئی قیمت مقرر کردی ہے ۔ جس کا چیف منسٹر کے سی آر اہم ریاستی وزراء اور چیف سکریٹری سومیش کمار جائزہ لے چکے ہیں ۔ آج ان تجاویز کو ضلعی کمیٹیوں سے رجوع کردی گئی ہیں ۔

دو تین دن میں یہ کمیٹیاں اراضیات کی نئی مارکٹ قدر کو منظوری دیں گی ۔ نئی مارکٹ قدر کو ہیڈ آفس میں منظوری دینے کے بعد ضلعی کمیٹیوں کی منظوری برائے نام ہے تاہم قانون سازی کے لیے ضلعی کمیٹیوں کی منظوری لازمی ہے ۔ نئی مارکٹ کی قدر کے لحاظ سے کارڈ سافٹ ویر میں تبدیلیوں کی ضرورت ہے ۔

اس کے لیے درکار تکنیکی وسائل کے قیام پر بھی محکمہ رجسٹریشن نے اپنی توجہ مرکوز کردی ہے ۔ یکم فروری سے اراضیات کی نئی مارکٹ قدر پر عمل کرنے کی منصوبہ بندی تیار کی گئی ہے ۔ سافٹ ویر کے اپ ڈیٹ کے لیے ایک دو دن رجسٹریشن کے عمل کو روکنے کی بھی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ اس سلسلہ میں 31 جنوری پیر کو رجسٹریشن کا عمل روکنے کا اعلان کرنے کا امکان ہے ۔

عہدیداروں کا ماننا ہے کہ یکم فروری کو مارکٹ کی نئی قدر پر عمل ہونے کے پیش نظر رجسٹریشن کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ اضلاع حیدرآباد ، رنگاریڈی ، میڑچل ، ملکاجگری میں رجسٹریشن کی تعداد بڑھ سکتی ہے ۔ اس کے لیے تمام احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے ۔

باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ زرعی اراضیات کی مارکٹ قدر میں 50 فیصد غیر زرعی اراضیات کی قیمت میں 35 تا 40 فیصد اپارٹمنٹس کے فلیٹس کی قیمتوں میں 25 تا 40 فیصد اضافہ ہونے کا امکان ہے ۔ بالخصوص اضلاع حیدرآباد ، رنگاریڈی ، میڑچل ملکاجگری ، میں زرعی ، خالی اراضیات اور اپارٹمنٹس فلیٹس کی موجودہ مارکٹ قدر سے 40 تا 50 فیصد قیمتوں میں اضافہ ہونے کا امکان ہے

متعلقہ خبریں

Back to top button