یوپی الیکشن 2022: ایس پی نے سی ایم یوگی کے ’غیر جمہوری زبان‘ کے استعمال پر الیکشن کمیشن کو لکھا خط
لکھنو ،03؍ فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اتر پردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات کو لے کر سیاست گرم ہو گئی ہے۔ اپوزیشن جماعتیں مسلسل حکومت کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ ادھر یوپی انتخابات کے پیش نظر سماج وادی پارٹی نے سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے۔
دراصل ایس پی نے یوگی کے کچھ تبصروں پر اعتراض کیا ہے اور کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ایس پی کی طرف سے لکھے گئے خط میں یوگی کے کچھ تبصروں کا ذکر ہے، جن میں’ 10 مارچ کے بعد بلڈوزر چلے گا‘
،’لال ٹوپی کا مطلب فسادی ہسٹری شیٹر‘، ’جوگرمی دکھائی دے رہی ہے، سب ختم ہوجائے گی‘ اور’گرمی کیسے ختم کی جائے گی میں جانتا ہوں‘ شامل ہے ۔ ایس پی نے الزام لگایا ہے کہ یہ زبان غیر جمہوری ہے۔ الیکشن کمیشن کو اس پر ایکشن لینا چاہیے۔
واضح رہے کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے گورکھپور سٹی اسمبلی حلقہ سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سیٹ سے آزاد سماج پارٹی نے چندر شیکھر آزاد کو گورکھپور صدر سے اپنا امیدوار قرار دیا ہے۔
اس بار اتر پردیش میں 7 مرحلوں میں انتخابات ہوں گے۔ یوپی میں ان مراحل کے تحت 10 فروری، 14 فروری، 20 فروری، 23 فروری، 27 فروری، 3 مارچ اور 7 مارچ کو ووٹنگ ہوگی۔ انتخابات کے نتائج 10 مارچ کو آئیں گے۔



