اقربا پروری کے الزام پر لالو یادو کا مخصوص انداز میں جواب
پٹنہ ، ۱۱؍فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)لالوپرساد یادو پٹنہ پہنچتے ہی پارٹی کارکنا ن کا جوش بڑھا ہے ، بلکہ میٹنگوں کا دور بھی جاری ہے ۔اسی کڑی میں آج اپنی رہائش گاہ پر پٹنہ ضلع کے تمام ایم ایل ایز اور کونسلروں سے ملاقات کرتے ہوئے قانون ساز کونسل کیلئے پٹنہ ضلع کے امیدوار کا اعلان کیا۔
لالو پرساد یادو نے کہا کہ کارتکیہ سنگھ قانون ساز کونسل میں پٹنہ ضلع کے امیدوار ہوں گے۔ کارتکیہ سنگھ کو اننت سنگھ کا قریبی سمجھا جاتا ہے۔ اس میٹنگ میں لالو کے ساتھ تیجسوی یادو، جگ دانند سنگھ، میسا بھارتی اور شیام ر جک سمیت کئی لیڈر موجود تھے۔ اس اعلان کے ساتھ ہی لالو نے اقربا پروری کے الزام پر طنز بھی کیا۔
پی ایم مودی کی طرف سے نتیش کمار کو سوشلسٹ کہے جانے پر لالو پرساد یادو نے کہا کہ جس کا بیٹا یا بیٹی نہیں ہے ،اس کا میں کیا کر سکتا ہوں،جبکہ نتیش کمار کا ایک بیٹا ہے لیکن وہ الیکشن لڑنے کے قابل نہیں ہے، کسی کو اولاد ہو تاکہ وہ خاندان کو آگے لے جا سکے۔
نتیش کمار کو سوشلسٹ کہنے پر اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے طنز کیا کہ کون صحیح کر رہا ہے اور کون غلط ، دونوں کو پہلے اس کا فیصلہ کرنا چاہیے۔ پہلے وزیر اعظم مودی جے ڈی یو کو ظالم پارٹی کہا کرتے تھے،وہیں نتیش کمار بی جے پی کو بہت بڑی جھوٹی پارٹی کہا کرتے تھے۔
اگر سوشلسٹ آج کہہ رہے ہیں تو بتائیں کہ پہلے سچ کہہ رہے تھے یا آج سچ کہہ رہے ہیں۔لالو پرساد یادو نے کہا کہ 24 سیٹوں پر ہونے والے قانون ساز کونسل کے انتخابات کے لیے تمام امیدواروں کا اعلان 13 فروری کو کیا جائے گا۔
امیدواروں کا اعلان کرنے کے لیے ریاستی دفتر میں پریس کانفرنس کی جائے گی۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ آر جے ڈی کے ساتھ ساتھ اتحادی پارٹی کے لوگوں کو بھی ٹکٹ دیا گیا ہے۔ کانگریس کے بارے میں پوچھے جانے پر تیجسوی نے کانگریس کا نام لے کر خاموشی اختیار کرلی ۔



