ممبئی، یکم مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار مہاراشٹر حکومت کے وزیر نواب ملک نے عدالت سے رجوع کیا ہے۔ انہوں نے مقدمہ کو منسوخ کرنے کے لیے بامبے ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی ہے۔
انہوں نے درخواست میں گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔ اس کے ساتھ جلد از جلد رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے لیڈر کو ای ڈی نے طویل پوچھ گچھ کے بعد 23 فروری کو گرفتار کیا تھا۔ درخواست میں کہا گیا ہے، وہ ایسے پہلے شخص نہیں ہیں،
جنہیں شانہ بنایا گیا ہے؛بلکہ تواتر سے ایسا عمل انجام دیا جا رہا ہے ، ایسا پورے ملک کیلئے ایک تشویشناک رجحان ہے۔اقتدارپر براجمان پارٹی کی طرف سے مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔
نواب ملک نے کیس میں فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔خیال رہے کہ پانچ بار ایم ایل اے رہ چکے نواب ملک کو ای ڈی نے 23 فروری کو منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا تھا۔ ای ڈی نے یہ کارروائی انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے خلاف 3 فروری کو درج کی گئی این آئی اے ایف آئی آر کی بنیاد پر کی ہے۔
نواب ملک کے خلاف ای ڈی نے الزام لگایا تھا کہ نواب ملک نے ڈی گینگ کے ارکان حسینہ پارکر، سلیم پٹیل اور سردار خان کے ساتھ مل کر کرلا میں منیرہ پلمبر کی آبائی جائیداد پر قبضہ کرنے کی مجرمانہ سازش کی تھی۔
اس پراپرٹی کی موجودہ قیمت 300 کروڑ روپے ہے۔ای ڈی نے الزام لگایا کہ ملک پہلے ہی اس جگہ پر واقع کرلا جنرل اسٹور کے قبضے میں ہے۔



