چنڈی گڑھ، 11 مارچ :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) عام آدمی پارٹی (آپ) کے لیڈر بھگونت مان 16 مارچ کومجاہد آزادی بھگت سنگھ کے آبائی گاؤں کھٹکر کلاں میں پنجاب کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیں گے۔ پارٹی ذرائع نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔مان نے پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال سے دہلی میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ذرائع نے بتایا کہ پارٹی 13 مارچ کو امرتسر میں روڈ شو کرے گی۔
کجریوال دونوں پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ریاست میں آپ کی شاندار جیت کے ایک دن بعد مان نے جمعہ کو دہلی کے وزیر اعلیٰ کجریوال سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ایک گھنٹے سے زیادہ جاری رہی میٹنگ میں دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا اورآپ کے پنجاب میں سیاسی امور کے انچارج راگھو چڈھا بھی موجود تھے ۔
کجریوال نے ٹویٹ کیا کہ میرے چھوٹے بھائی بھگونت مان پنجاب کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیں گے۔ آج وہ حلف برداری کی تقریب میں مدعو کرنے میرے گھر آئے تھے، مجھے یقین ہے کہ بطور وزیر اعلیٰ بھگونت پنجاب کے لوگوں کی ہر امید پر پورا اتریں گے۔انہوں نے ملاقات کی ایک تصویر بھی شیئر کی۔
جمعرات کو اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان ہونے کے بعد مان کی کجریوال سے یہ پہلی ملاقات تھی۔



