بین ریاستی خبریں

ممتابنرجی کے بھتیجے پر شکنجہ: ٹی ایم سی ایم پی ابھیشیک بنرجی پہنچے ای ڈی دفتر، کوئلہ اسمگلنگ میں پوچھ تاچھ

کولکاتہ، 21 مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے بھتیجے اور ایم پی ابھیشیک بنرجی آج دہلی میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے دفتر پہنچے۔ ریاست میں ایسٹرن کول فیلڈز سے متعلق کوئلہ اسمگلنگ کیس میں ای ڈی نے بنرجی اور ان کی بیوی روجیرا کو پوچھ گچھ کیلئے طلب کیا تھا۔مرکزی تفتیشی ایجنسی پہلے ہی اس معاملے میں ابھیشیک بنرجی سے کئی بار پوچھ گچھ کر چکی ہے۔ ان سے پیر کو دوبارہ پوچھ گچھ کی جائے گی۔ ترنمول کانگریس کے جنرل سکریٹری ہونے کے علاوہ بنرجی کو ممتا بنرجی کا سیاسی جانشین سمجھا جاتا ہے۔اس معاملے میں بنرجی کے خلاف منی لانڈرنگ کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔ 34 سالہ بنرجی کو پیر کو صبح 11 بجے کے قریب وسطی دہلی میں ای ڈی کے دفتر میں داخل ہوتے دیکھا گیا۔

تفتیشی افسران کے مطابق بنرجی کا بیان منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون (پی ایم ایل اے) کے تحت ریکارڈ کیا جائے گا۔ ان کے سامنے کچھ ثبوت بھی رکھے جائیں گے اور ان کی بنیاد پر ان سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بنرجی کے کردار اور دیگر ملزمان کے ساتھ روابط کی جانچ کی جا رہی ہے۔

ڈائمنڈ ہاربر علاقے سے لوک سبھا کے رکن بنرجی سے بھی پچھلے سال ستمبر میں اس معاملے میں پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ امیدہے کہ ان کے ساتھ دہلی آئی ابھیشیک بنرجی کی بیوی روجیرا سے منگل کو اسی معاملے میں ایجنسی کی طرف سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔

اس سے پہلے اتوار کو ابھیشیک بنرجی نے کولکاتہ ہوائی اڈے پر صحافیوں کو بتایا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت اپنے سیاسی مفادات کے لیے ای ڈی اور سی بی آئی کا استعمال کر رہی ہے، کیونکہ وہ 2021 کے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں جھٹکا قبول کرنے کوتیارنہیں ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button