یوم شہدا کے موقع پرپنجاب کے وزیراعلی بھگونت مان نے اینٹی کرپشن ایکشن ہیلپ لائن نمبر جاری کیا
نئی دہلی ،23؍مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) یوم شہدا کے موقع پر بھگونت مان حکومت پنجاب نے اینٹی کرپشن ایکشن ہیلپ لائن نمبر جاری کر دیا ہے۔ اس حوالے سے بھگونت مان نے ویڈیو بھی جاری کی، جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ وہ یہ نمبر کرپشن کے خلاف جاری کر رہے ہیں۔ اسے آج 23 مارچ کو ریلیز کرنا شہداء کو حقیقی خراج عقیدت ہے۔
اس پر اگر کوئی رشوت مانگتا ہے یا کوئی کرپشن کرتا ہے تو اس سے متعلق ویڈیوز اور شکایات دی جا سکتی ہیں۔ اب پنجاب کے لوگ واٹس ایپ کے ذریعے 9501 200 200 پر بدعنوانی کی شکایت کر سکیں گے۔اس سے قبل پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے منگل کو کہا تھا کہ ان کی حکومت ریاست میں 35,000 کنٹریکٹ ملازمین کی خدمات کو مستقل کرے گی۔ مان نے ایک ویڈیو پیغام میں کہاکہ گروپ سی اور ڈی کے 35,000 کنٹریکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر اعلی بھگونت مان نے کہاکہ یہ ایک تاریخی فیصلہ ہے۔ اسمبلی انتخابات سے قبل ان کی پارٹی نے اقتدار میں آنے پر کنٹریکٹ ورکرز کی خدمات کو ریگولر کرنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے چیف سکریٹری کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسمبلی کے اگلے اجلاس سے قبل اس سلسلے میں ایک مسودہ بل تیار کریں تاکہ اسے اسمبلی میں پاس کرکے اس پر عمل درآمد کیا جاسکے۔



