بین ریاستی خبریں

مختار انصاری کے گرد گھیرا تنگ ، یوگی حکومت نے ماں کی جائیداد پربھی کارروائی کی

لکھنؤ10اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اعظم خان ہوں،مختارانصاری ،عتیق احمد یا یعقوب قریشی ،یہ سب یوگی سرکارکے نشانے پر ہیں۔اتر پردیش کے لیڈر مختار انصاری کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ غازی پور کے مہوا باغ علاقے میں تقریباً 810 مربع میٹر زمین پر کارروائی کی گئی ہے ۔یہ جائیداد مختار انصاری کی والدہ رابعہ بیگم کے نام ہے۔

اس زمین کی قیمت تقریباً 3 کروڑ 25 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ غازی پور کے ضلع افسر کے حکم پر گینگسٹر ایکٹ کے تحت یہ کارروائی کی گئی ہے۔ ان کی اراضی کو قرق کرنے کا اعلان صدر سرکل آفیسر اور صدر ایس ڈی ایم نے کیا ہے۔مارچ کے شروع میں یوپی پولیس نے جیل میں بند مختار انصاری کے قریبی جگنو والیہ کی جائیدادیں ضبط کر لی تھیں۔

پولیس کے مطابق ملزم جگنو والیہ ریسٹورنٹ آپریٹر کے قتل کیس میں مفرور ہے اور اس پر 25 ہزار روپے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔پچھلے سال اکتوبر میں ریسٹورنٹ آپریٹر جسوندر سنگھ رومی کو جگنو والیا نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

اس معاملے میں پولیس نے دیگر ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ساتھ ہی عدالت کے حکم کے بعد بھی پیش نہ ہونے والے مفرور ملزم جگنو والیا کی جائیداد ضبط کر لی گئی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button