نئی دہلی،14؍اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)این سی بی میں سمیر وانکھیڑے کی میعاد ختم ہونے کے بعد اب ایک اور افسر امیت فکڈ کو زونل ڈائریکٹر کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔ وہ 2008 کے آئی آر ایس افسر ہیں۔ سمیر وانکھیڑے آرین خان ڈرگ کیس کو لے کر کافی بحث میں آئے تھے۔ فروری میں تھانے پولیس نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے ممبئی زون کے سابق ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے کے مالکانہ حق والے ایک ہوٹل اور بار کا لائسنس حاصل کرنے میں مبینہ دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا تھا۔
ضلع مجسٹریٹ راجیش نارویکر نے نوی ممبئی واقع ہوٹل اور بار کا لائسنس منسوخ کر تے ہوئے دعوی کیا تھا کہ اسے غلط معلومات دے کر اور دھوکہ دہی سے حاصل کیا گیا تھا۔تھانے کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس ڈاکٹر وجے کمار راٹھوڈ نے کہا کہ ریاستی آبکاری حکام کی شکایت کے بعد دھوکہ دہی کے معاملے میں ہفتہ کی رات کو پری پولیس اسٹیشن میں وانکھیڑے کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔
واضح رہے کہ مہاراشٹر کے کابینہ وزیر نواب ملک نے گزشتہ سال نومبر میں الزام لگایا تھا کہ وانکھیڑے کا نوی ممبئی کے واشی میں پرمٹ روم اور بار ہے، جس کے لیے لائسنس 1997 میں حاصل کیا گیا تھا، جب وانکھیڑے نابالغ تھے اور اس لیے یہ غیر قانونی تھا۔
ملک نے یہ بھی کہا تھا کہ سرکاری ملازمت میں ہونے کے باوجود وانکھیڑے کے پاس پرمٹ روم چلانے کا لائسنس ہے، جو سروس قوانین کے خلاف ہے۔ تب وانکھیڑے نے وزیر کے دعووں کو مسترد کر دیا تھا۔ریاستی محکمہ آبکاری نے بعد میں بار کے لائسنس کے تعلق سے وانکھیڑے کو نوٹس جاری کیا تھا۔
اس سے پہلے ایک اہلکار نے بتایا تھا کہ نوٹس پر وانکھیڑے کے جواب اور معاملے کی تحقیقات کے بعد ضلع مجسٹریٹ اس نتیجے پر پہنچے کہ وانکھیڑے نے 27 اکتوبر 1997 کو لائسنس حاصل کیا تھا، جب ان کی عمر 21سال کی لازمی عمر کے بجائے 18 سال سے کم تھی۔



