ہریانہ حکومت کا دسویں اور بارہویں جماعت کے طلباء کو تحفہ ٹیبلیٹ کے ساتھ 2 جی بی ڈیٹا مفت
نئی دہلی،15؍اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)بورڈ کی پڑھائی کرنے والے طلباء کو ہریانہ حکومت بڑا تحفہ دینے جا رہی ہے۔ دسویں اور بارہویں جماعت کے طلباء کو بطور تحفہ ٹیبلیٹ دئیے جائیں گے۔ ہریانہ حکومت اگلے مہینے یعنی مئی میں 10ویں اور 12ویں جماعت کے طلباء کو مفت ٹیبلیٹ دے گی۔
ریاستی وزیر تعلیم کنور پال نے یہ اطلاع دی۔ وزیر نے کہا کہ طالب علموں کو جو ٹیبلٹ دئیے جائیں گے وہ پہلے سے ہی مواد کے ساتھ ذاتی نوعیت کے اور اڈوپٹیو لرننگ سافٹ ویئر سے لیس ہوں گے۔
یہی نہیں حکومت طلبہ کو ٹیبلیٹ چلانے کے لیے مفت انٹرنیٹ ڈیٹا بھی فراہم کرے گی۔ وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر کی صدارت میں اعلیٰ اختیاراتی خریداری کمیٹی کی میٹنگ میں مختلف محکموں کے ذریعہ 100 کروڑ روپئے سے زیادہ کے سامان اور اشیاء کی خریداری کو منظوری دی گئی۔ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میٹنگ میں تین تجاویز پیش کی گئیں جن میں سے دو محکمہ تعلیم کی طرف سے اور ایک محکمہ بجلی کی طرف سے ہے۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ میٹنگ نے 5 کروڑ روپئے سے زائد والے اعلیٰ کلاسوں کے لیے پرسنلائزڈ اور اڈاپٹیو لرننگ سافٹ ویئر کی خریداری کی منظوری دی۔اس کے علاوہ 47 کروڑ روپئے کے تقریباً پانچ لاکھ ڈیٹا سم کارڈز کی خریداری کو بھی کمیٹی نے منظوری دی۔انہوں نے کہا کہ مئی کے مہینے میں 10ویں اور 12ویں جماعت میں پڑھنے والے طلباء میں تقریباً 2.5 لاکھ ٹیبلیٹ تقسیم کیے جائیں گے۔



