لکھنؤ ، 16اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) گورکھپور یوپی میں گورکھ ناتھ مندر کی حفاظت پر تعینات اہلکاروں پر مہلک حملے کے ملزم احمد مرتضیٰ عباسی کو اب UAPA (غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ) کے تحت مقدمہ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یوپی اے ٹی ایس نے ملزم پر یو اے پی اے لگایا ہے۔ اس کے ساتھ اب NIA معاملے کی جانچ کرے گی اور مقدمہ لکھنؤ کی خصوصی NIA/UAPA عدالت میں چلے گا۔
یوپی میں یو اے پی اے کی صرف ایک خصوصی عدالت ہے جو دارالحکومت لکھنؤ میں واقع ہے۔ UAPA کے نفاذ کے بعد، 14 کے بجائے، ملزم کو 60 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا جاتا ہے۔ یو اے پی اے کے نفاذ کے بعد گزیٹیڈ افسران معاملے کی چھان بین کرتے ہیں تو ملزمان کو بھی کافی راحت ملتی ہے۔خیال رہے کہ UAPAدہشت گردی، دہشت گردی کی فنڈنگ، ملک کے خلاف جنگ چھیڑنے جیسے جرائم جیسے معاملات میں لگایا جاتا ہے۔
احمد مرتضیٰ عباسی کے معاملے کی تحقیقات کے دوران یوپی اے ٹی ایس کو ان کے نیپال کے جام نگر، ممبئی، کوئمبٹور اور لمبینی جانے کے ثبوت ملے ہیں۔ شام میں مرتضیٰ کی جانب سے رقم بھیجنے کے شواہد بھی ملے ہیں۔ کیس کی جانچ پورے ملک اور بیرون ملک پھیلی ہوئی ہے، اس لیے کیس کی جانچ این آئی اے کو سونپی گئی ہے۔
خیال رہے کہ 3 اپریل کی شام کو مرتضیٰ عباسی نامی نوجوان نے گورکھ ناتھ مندر کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کیا تھا جس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا تھا۔ یہی نہیں یوپی اے ٹی ایس نے اس معاملے میں ملزم کے اہل خانہ کو بھی طلب کیا ہے۔



