واشنگٹن:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)امریکی شہری نے 3719 روپئے کا کھانا کھا کر دریا دلی کا مظاہرہ کیا اور ویٹریس کو62764 روپے سے زائد ٹپ دے دی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا کے روڈی آئی لینڈ میں واقع ریسٹورنٹ میں کام کرنے والی ویٹریس waitress کا خراب ترین دن اس وقت خوشگوار دن میں تبدیل ہوگیا جب ایک گاہک نے چند ہزار کا کھانا کھاکر62764 روپے ٹپ دی۔ویٹریس نے میڈیا کو بتایا کہ میرا بیٹا تین سال کا ہے جسے میں ڈے کیئر میں چھوڑنے گئی لیکن انہوں نے میرے بچے کو رکھنے سے انکار کردیا کیوں کہ وہاں کوئی دیکھ بھال کرنے والا فی الحال موجود نہیں تھا۔
انہوں نے بتایا کہ میری 16 سالہ بیٹی اسکول کے بعد بھائی کو سنبھال سکتی تھی اسی لیے مجھے بیٹی کے اسکول سے آنے کا انتظار کرنا پڑا اور میں ریسٹورنٹ پہنچنے میں تاخیر کا شکار ہوگئی۔میرے دن کی ابتداء انتہائی مایوس کن تھی لیکن پہلے گاہک اتنے دریا دل تھے کہ انہوں نے میری دن کی ساری پریشانی ایک لمحے میں دور کردی۔ویٹریس نے میڈیا کو بتایا کہ میاں بیوی نے 48 ڈالر (3719 روپئے) کا کھانا کھایا اور جاتے ہوئے 810 ڈالر یعنی 62764 روپے سے زائد رقم بطور بخشش دے گئے۔امریکی خاتون کا کہنا ہے کہ مجھے جوڑے کا نام تو نہیں معلوم مگر انہیں زندگی بھر بھول نہیں سکتی۔



