ڈاکٹر کہکشاں پروین نے صدر شعبۂ اردو کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا
رانچی،یکم؍فروری: (اردودنیا.اِن)شعبۂ اردو رانچی یونی ورسٹی رانچی میں ڈاکٹر کہکشاں پروین کو دوبارہ صدر شعبۂ اردو کا عہدہ تفویض کیاگیا ہے۔ انہوں نے آج یکم؍ فروری کو صدر شعبہ کی حیثیت سے اپنا عہدہ سنبھال لیا۔ واضح ہو کہ ڈاکٹر کہکشاں پروین اس سے پہلے بھی صدر شعبہ رہ چکی ہیں۔ موصوفہ اپنی ذمہ داریاں نہایت خوش اسلوبی اور کامیابی کے ساتھ نبھاچکی ہیں۔
انہوں نے شعبہ اردو سے نکلنے والاادبی مجلہ دوبار نکالاہے۔ امید ہے یہ سلسلہ ان کی رہنمائی میں آگے بھی قائم رہے گا۔ ڈاکٹر صاحبہ کے ذریعہ کرسیٔ صدارت سنبھالنے پر شعبہ میں خوشی کا ماحول ہے۔ خصوصی طورپر طلبا و طالبات نہایت خوش اور پُرامید نظر آرہے ہیں۔ طلبا کے ساتھ ان کا مشفقانہ اور سنجیدہ رویہ ان کی ایک خاص شناخت بن گئی ہے۔
وہ درس و تدریس کے ساتھ ساتھ حوصلہ افزائی بھی کرتی ہیں اور انہیں تعمیری و تحقیقی کاموں کی طرف راغب اور مائل بھی کرتی ہیں۔ انہوں نے آج سہ پہر تین بجے صدر شعبۂ اردو ڈاکٹر منظر حسین سے چارج لیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر رضوان علی ، ڈاکٹر محمد ایوب، ڈاکٹر ارشد اسلم ،نسیم عالم اور ڈاکٹر مکمل حسین وغیرہ موجود تھے۔
طلبا و طالبات میں دانش ایاز، عبد الاحد، وسیم اکرم، حناکوثر، محمد اقبال، فاطمہ حق ، راشد جمال ، محمد امان، ندیم اکرم،صوفیہ پروین،ناز آفرین،اسجد رضا،گل افشاں پروین، شاہینہ پروین، گل ناز پروین، حناپروین،رحمت آرا،ثریہ خانم،عبداللہ، محمد اسلم، صدام حسین، مولانا دلدار حسین کے علاوہ دیگر کئی لوگوں نے اپنی خوشی کااظہار کیا۔اس موقع پر 31؍جنوری کو سبکدوش ہو ئے ڈاکٹر جمشید قمر نے محترمہ کہکشاں صاحبہ کے صدر شعبہ اردو بننے پر اپنی نیک خواہشات کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے پوری امید ہے کہ ان کے دور صدارت اور رہنمائی میں قابل قدر کامیابیوں سے شعبہ ہمکنار ہو گا۔





