نئی دہلی ،12ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر شرد پوار نے مرکز میں نریندر مودی کی قیادت والی بھارتیہ جنتا پارٹی بی جے پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وزیر اعظم نے چین کے معاملے پر ملک کو گمراہ کیا ہے۔ دہلی کے تال کٹورا اسٹیڈیم میں این سی پی کے آٹھویں قومی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شرد پوار نے کہا کہ وزیر اعظم نے دعویٰ کیا تھا کہ چینی فوج ہندوستانی علاقے میں داخل نہیں ہوئی، لیکن اب یہ واضح ہو گیا ہے کہ انہوں نے غلط بیان دیا تھا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ چین کے معاملہ پر مودی حکومت کی ناکامی واضح ہے۔انہوں نے سوالیہ لہجے میں کہا کہ چین نے نریندر مودی حکومت کے دوران ہندوستانی سرحد پر ایل اے سی کی مسلسل خلاف ورزی کی۔ چینی دراندازی کے سامنے ہم ثابت قدمی سے کارروائی کیوں نہیں کر پا رہے؟
یہ ہماری ناکامی نہیں تو اور کیا ہے؟معیشت کی حالت پر حکومت پر تنقید کرتے ہوئے شرد پوار نے کہا کہ حکومت کا دعویٰ ہے کہ ہندوستانی معیشت مضبوط ہو گئی ہے جبکہ ملک کو مہنگائی اور بے روزگاری کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی غلط اور غیر معقول پالیسیوں کی وجہ سے آج مہنگائی عروج پر ہے۔ وہیں روزگار کے مسائل کے ساتھ ساتھ ملکی سلامتی کے حوالے سے بھی خدشات بڑھ گئے ہیں۔این سی پی لیڈر نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ مرکزی حکومت کے غلط کاموں کو چیلنج کرنے کے لیے قومی سطح پر متحرک ہونے کے لیے تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا اتحاد اولین ترجیح ہو گی۔ جمہوری اقدار کا مسلسل زوال پذیر ہیں، ایسے میں ہمارے ملک کے نوجوانوں کو آگے آنا ہوگا۔ اب نئی نسل کو جمہوری طریقے سے مرکزی حکومت کے غلط کاموں کے خلاف لڑنے کے لیے قائدانہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
مہنگائی اور بے روزگاری کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے شرد پوار نے کہا کہ یہ ملک میں اپنے عروج پر ہے۔ متحدہ ترقی پسند اتحاد کی حکومت کے وقت، 410 روپے میں دستیاب ایل پی جی سلنڈر اب 1100 روپے کا ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی آسمان چھوتی قیمتوں نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے۔ ان کی قیمتوں میں اضافے سے ہر شے کی قیمت متاثر ہوئی ہے۔ خوردنی تیل، غذائی اجناس اور ادویات کی قیمتیں اس قدر بڑھ گئی ہیں کہ عام آدمی ان کو خریدتے ہوئے پسینہ پسینہ ہو رہا ہے۔
این سی پی کے سینئر لیڈر سپریہ سولے، پرفل پٹیل، اجیت پواراور دیگر علاقوں کے لیڈران کانفرنس میں موجود تھے۔ اس سے پہلے این سی پی کے قومی کنونشن میں، شرد پوار کو متفقہ طور پر چار سال کے لیے پارٹی کا دوبارہ صدر منتخب کیا گیا تھا۔ وہ 1999 سے این سی پی کے صدر کے عہدے پر فائز ہیں۔ انہوں نے کانگریس سے الگ ہو کر پی اے سنگما اور طارق انور کے ساتھ مل کر یہ پارٹی بنائی۔ کورونا وبا کی وجہ سے دو سال بعد این سی پی کا قومی کنونشن منعقد کیا گیا ہے۔



