حیدرآباد۔(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) بی جے پی کے معطل رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے خلاف تادیبی کارروائی کا عنقریب اختتام ہوسکتا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق بی جے پی اعلیٰ کمان نے معطلی اور وجہ نمائی نوٹس پر راجہ سنگھ کے جواب کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی معطلی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس بارے میں جلد ہی اعلان کئے جانے کی امید ہے۔ واضح رہے کہ حیدرآباد میں کامیڈین منور فاروقی کے شو کی مخالفت میں راجہ سنگھ نے ویڈیو جاری کیا تھا جس میں گستاخانہ ریمارکس کئے گئے تھے۔ راجہ سنگھ کے بیان پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پی ڈی ایکٹ کے تحت جیل بھیج دیا۔ مسلمانوں کی ناراضگی کو دیکھتے ہوئے بی جے پی نے راجہ سنگھ کو معطل کرتے ہوئے وجہ نمائی نوٹس کا جواب دینے کیلئے دس دن کی مہلت دی تھی۔ جیل میں ہونے کے سبب راجہ سنگھ نے جواب کیلئے وقت مانگا اور اپنا جواب روانہ کیا جس میں دعویٰ کیا کہ اس نے کسی بھی مذہبی شخصیت کے خلاف بیان نہیں دیا ہے۔



