بین ریاستی خبریں

نفرت انگیز تقریر کیس ،سماج وادی لیڈر اعظم خان کو تین سال کی سزا

لکھنؤ، 27اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) سماج وادی پارٹی کے ایم ایل اے اعظم خان کو اشتعال انگیز تقریر کرنے کا قصوروار پایا گیا اور تین سال کی سزا سنائی گئی ہے-ایس پی لیڈر اعظم خان کو جمعرات (27 اکتوبر 2022) کو رام پور میں ایم پی-ایم ایل اے عدالت نے نفرت انگیز تقریر کیس میں مجرم قرار دیا ہے۔ عدالت نے اعظم خان کو تین سال قید کی سزا سنائی۔ 25000 روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ سزا کے اعلان کے ساتھ ہی انہیں عدالتی حراست میں لے جایا گیا، بعد میں وہ ضمانت پر عدالت سے باہر آگئے۔ ایسے میں اب اعظم خان کی اسمبلی کی رکنیت ختم ہو سکتی ہے۔ ساتھ ہی اعظم خان اپنی رکنیت کو لے کر سات دن کے اندر بڑی عدالت میں اپیل کر سکتے ہیں۔

یہ معاملہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات سے جڑا ہوا ہے۔ اس دوران اعظم خان نے انتخابی تقریر کے دوران مبینہ طور پر اشتعال انگیز بیانات دیے۔ عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد رہنما اعظم خان نے کہاکہ میں انصاف کا قائل ہوں۔ یہ پہلا قدم ہے۔ اب اور بھی قانونی راستے کھلے ہیں۔ میری پوری زندگی جدوجہد سے عبارت ہے۔ ہم لڑتے رہیں گے، چاہے ہم جان ہی کیوں نہ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ عدالت کا حکم ہے۔ سب کو ماننا چاہیے۔ اعظم خان کو جمعرات کو رام پور کورٹ نے مجرم قرار دیا تھا۔

عدالت نے اعظم خان کو آئی پی سی کے عوامی نمائندگی ایکٹ کی دفعہ 153-A، 505-A اور 125 کے تحت مجرم قرار دیا۔ سنہ2017 کے اسمبلی انتخابات سے پہلے اعظم اکھلیش حکومت میں وزیر تھے جب ان کے خلاف صرف ایک کیس درج ہوا تھا۔ اعظم اس وقت 80 سے زائد مقدمات میں ملزم ہیں۔ اعظم کو پہلی بار کسی بھی معاملے میں سزا سنائی گئی ہے۔ خیال رہے کہ2019 کے لوک سبھا انتخابات کے دوران، اعظم خان نے ملک کوتوالی علاقے کے کھٹا نگریہ گاؤں میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا۔ اس جلسہ عام کے دوران ان پر اشتعال انگیز تقاریر کرنے کا الزام لگایا گیا۔جس کی ویڈیو وائرل کی گئی تھی۔ تقریر کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ویڈیو آبزرویشن ٹیم کے انچارج انیل کمار چوہان نے ملک کوتوالی میں مقدمہ درج کرایا۔ اس معاملہ میں اعظم کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 153-A، 505-A اور 125 عوامی نمائندگی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

کیس کی سماعت کے بعد، ایم پی-ایم ایل اے (مجسٹریٹ ٹرائل) نشانت مان کی عدالت نے انہیں مجرم قرار دیا۔ 2022 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں دیے گئے حلف نامہ کے مطابق اعظم، ان کی بیوی اور ایم ایل اے بیٹے کے خلاف کل 165 مجرمانہ معاملے درج ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button