بین ریاستی خبریں

گجرات اسمبلی انتخابات :کانگریس نے جاری کی امیدواروں کی پہلی فہرست

گاندھی نگر، 5نومبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)گجرات اسمبلی انتخابات کے لیے، کانگریس پارٹی نے جمعہ (4 نومبر، 2022) کو دیر رات 43 امیدواروں کے ناموں کی پہلی فہرست جاری کی ہے۔ نئی دہلی میں اے آئی سی سی ہیڈکوارٹر میں ایک میٹنگ کے بعد کانگریس کی مرکزی الیکشن کمیٹی نے یہ فہرست جاری کی۔کانگریس جنرل سکریٹری مکل واسنک نے فہرست جاری کرتے ہوئے کہا کہ باقی اسمبلی حلقوں کے امیدواروں کے ناموں کا بھی مناسب وقت پر اعلان کیا جائے گا۔ گجرات میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے ابھی تک اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان نہیں کیا ہے۔دوسری طرف، عام آدمی پارٹی نے جمعہ کو گجرات میں ایشودھن گدھوی کو اپنا وزیر اعلیٰ امیدوار نامزد کیا ہے۔ چیف منسٹر کا چہرہ بنتے ہی گدھوی نے عوام سے وعدوں کی بوچھاڑ کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بننے کے بعد وہ سب سے پہلے کسانوں کے قرض کی معافی، فصل کی قیمت، بجلی اور آبپاشی پر کام کریں گے۔

یہی نہیں، انہوں نے عوام سے وعدہ کیا کہ بجلی کی چھوٹ دیتے ہوئے آپ کی بیویوں کو بجلی کا بل نہیں دینا پڑے گا۔ یاد رہے کہ گجرات میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان جمعرات کو کیا گیا۔ گجرات میں دو مرحلوں میں یکم اور 5 دسمبر کو انتخابات ہوں گے۔ ہماچل پردیش کے ساتھ گجرات میں بھی ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہوگی۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار اور الیکشن کمشنر انوپ چندر پانڈے نے پریس کانفرنس میں یہ جانکاری دی۔ انہوں نے بتایا تھا کہ اس بار گجرات میں کل 4.9 کروڑ ووٹر ووٹنگ میں حصہ لیں گے۔

ان میں سے 3,24,422 نئے ووٹرز ہیں۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ گجرات قانون ساز اسمبلی کی مدت 18 فروری کو ختم ہو رہی ہے جس میں تقریباً 100 دن باقی ہیں۔ ریاست میں ووٹر لسٹ10 اکتوبر 2022 کو شائع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو نوجوان یکم اکتوبر 2022 تک 18 سال کے ہو جائیں گے، انہیں بھی ووٹ ڈالنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button