سیاسی و مذہبی مضامین

علامات،آپ کا برین واش ہوچکا ہے

آپکے اپنے کتنے دوست ایسے ہوں گے جو مجبوراً ملک سے باہر ہیں اور ملک کے کسی فیصلے میں شامل نہیں؟۔سوچئے وہ کون ہے جو انہیں کنٹرول کر رہا ہے؟

You are brainwashed برین واش ایک ٹرم ہے جسکا مطلب آپ کی سوچ پر غالب آکر اس میں اپنے خیالات کو بھرنا ہے اور آپ کی صحیح اور غلط کی پہچان کو ختم کرکے اپنی پسند کی باتیں آپکو پسند کروانی ہیں تاکہ آپ ایک کٹھ پْتلی کی طرح بن کر رہ جائیں اور برین واش کرنے والے آپکو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کریں۔لوگوں کو آپکا برین واش کرنے کے لئے کسی جادویا غیر مرئی طاقت کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ برین واش کرنا ایک تکنیک ہے جس میں کچھ خاص حربے آپ پر استعمال کئے جاتے ہیں تاکہ آپ وہی سوچیں جو برین واش کرنے والا چاہتا ہیاور اگر آپ ان حربوں سے آشنا نہیں ہیں تو آپ ایک آسان حدف بن جاتے ہیں اور آپ کو پتہ بھی نہیں چلتا کہ آپ کا برین واش کیا جاچکا ہے۔

اس آرٹیکل میں ہم چند ایسی نشانیاں ذکر کریں گے جو آپکو جہاں برین واش کرنے کی تکنیک سمجھائے گی وہاں آپ کے دماغ میں ایک ایسی فائر وال پیدا کرے گی جو ایسی تکنیک استعمال کرنے والوں کے خلاف آپ کو نہ صرف آگاہ کرے گی بلکہ آپ کو برین واش ہونے کے اثرات سے محفوظ بھی رکھے گی۔

آپ کی توجہ بڑے موضوع سے ہٹانے کی تکنیک

یہ تکنیک عام طور پر حکومتی لیول پر استعمال کی جاتی ہے جہاں آپ کی توجہ کسی خاص موضوع سے ہٹانے کے لئے آپ کو میڈیا پر بہت زیادہ کھیلوں کی خبریں، سنجیدہ نیوز چینلز پر مزیدار مزاحیہ پروگرامز، بہت زیادہ دلچسپ اور صوفیانہ قسم کے مذہبی پروگرامز کثیر تعداد میں دیکھائے جانے شروع ہوجاتے ہیں۔

آپ کسی خاص خبر کے لئے اپنا پسندیدہ نیوز چینل لگاتے ہیں اور وہاں خوبصورت ڈانس چل رہا ہوتا ہے جو آپ کی توجہ مبذول کردیتا ہے اور اس کا مقصد بھی یہی ہوتا ہے کہ آپ کی توجہ سنجیدہ اور متنازعہ موضوعات جیسے سیاست، معیشت، ملک کی خراب صورتحال، اداروں کی ناکامی، قومی شکست وغیرہ سے ہٹا کر آپ کے دماغ کو کسی اور طرف لگایا جائے۔

آپ کے دماغ میں خوف بھرنا

اس تکنیک میں آپکو نئے نئے پرابلمز دئیے جاتے ہیں اور آپ کے دماغ میں ایسے خوف بھرے جاتے ہیں جن کا حل آپ کے پاس نہیں ہوتا اور آپ کا کام سوائے اس خوف سے خوفزدہ ہونے کے اور مسلسل سوچنے کے اور کْچھ نہیں ہوتا چنانچہ آپ ایک خاص سمت میں سوچنا شروع کرتے ہیں اور اس سمت پر آپ کو لگانے والا اپنی چال چل جاتا ہے۔

آپ کو میڈیا پر تشدد اور لڑائی مار کٹائی دیکھائی جاتی ہے، میڈیا آپ کو مظلوم کی نشاندہی بھی کرتا ہے اور ظالم کی نشاندہی بھی خود ہی کرتا ہے، مثال کے طور پر آپ کو دیکھایا جاتا ہے کہ پولیس کسی کو بے دردی سے مار رہی ہے تو پہلا خیال آپ کو پولیس کے متعلق یہی آئے گا کہ غلط کر رہی ہے اور آپ یہ جاننا نہیں چاہیں گے کے کیوں مار رہی ہے آپکو پولیس میں شیطانی اہلکار نظر آئیں گے لیکن تصویر کا دْوسرا رخ کچھ اور بھی ہو سکتا ہے ہو سکتا ہے مار کھانے والا کوئی خطرناک آدمی ہو اور اس نے پولیس پر پہلے حملہ کیا ہو یا وہ کسی اور کو نقصان پہنچانے لگا ہووغیرہ وغیرہ لیکن آپکے دماغ کو یہ ساری باتیں سوچنے سے روک دیا جاتا ہے اور اسے برین واش کہتے ہیں۔

آپ کے دماغ کو تھوڑا سا بتا کر بہت کچھ چھپانا

انگریزی کی ایک ٹرم ہے ’’گریجویشن’’ اور یہ سکول کالج والی ٹرم نہیں ہے اور اس کا مطلب ہے کے آپ کو کسی چیز کے بارے میں چند باتیں بتا کر اسے فوراً قبول کروانا اور اس چیز کی تمام خامیاں وقتی طور پر آپ کے دماغ کو ظاہر نہ کرنا، ایسے موقع پر جب وقت کیساتھ آپ کو پوری آگاہی ہوتی ہے تو آپ کا نقصان ہوتا ہے۔

آپ کو یاد ہوگا کہ ایک مشہور نیوز چینل کے معروف اینکر نے کچھ سال پہلے اپنے پروگرام میں پانی سے گاڑی چلانے والا پیش کیا تھا اور آپ مان گئے تھے کہ چند ہی دنوں میں آپ پیٹرول کے خرچے سے بچ جائیں گے۔

آپ کو کنٹرول کرنے کیلئے بچوں کی طرح ٹریٹ کرنا

یہ برین واش کا ایک پاپولر حربہ ہے جس میں برین واش کرنے والا آپ کے ساتھ بچوں جیسا برتاؤ کرتا ہے، آپ کو معمولی باتوں پر انعامات ملنے شروع ہوجاتے ہیں اور معمولی باتوں پر سزا بھی دی جاتی ہے، آپ کا دماغ دو جمع دو چار کا جواب دیکر انعامات حاصل کرتا ہے اور متنازع اور مشکل مثائل کو چھوڑ دیتا ہے اور آہستہ آہستہ آپ ان تمام باتوں کو نظر انداز کرنا شروع کر دیتے ہیں جو مستقبل قریب میں آپ کو نقصان پہنچانے والی ہوتی ہیں۔

اس کی مثال میڈیا پر دیکھائے جانے والے کئی ایسے پروگرامز ہیں جس میں صرف دس چھلانگیں لگا کر انعام میں موٹر سائیکل ملتی ہے اور چار بند ڈبوں میں سے ایک میں سونا چھپا دیا جاتا ہے اور ڈبہ کھولنے پر سونا نکل آئے تو جیتنے والے سمیت پوری قوم خوش ہوتی ہے اور نہ نکلے تو سزا کے طور پوری قوم دکھی ہوتی ہے اورقوم روزانہ کئی کئی گھنٹے ایسے پروگرامز دیکھ کر محظوظ ہو رہی ہوتی ہے اور انہیں بلکل خبر نہیں ہوتی کہ انکا برین واش ہوچکا ہے۔

برین واش ہو جانیوالے آپ کو تنہا ثابت کرتے ہیں

اس کی مثال سکول کالجز میں حتی کے دفاتر میں برین واش ہوجانے والے فینٹسی فلموں کے کریکٹرز کو موضوع گفتگو بنا کر ہنس کھیل رہے ہوتے ہیں اور اگر آپ نے فلم نہیں دیکھی ہوتی تو آپ کو ان کی کمپنی میں تنہائی محسوس ہوتی ہے اور اسی شام آپ بھی اپنی زندگی کے دو تین گھنٹے فلم دیکھنے میں گْزارتے ہیں تاکہ ان کی گفتگو میں ماہر تبصرہ نگاروں کی طرح شامل ہوں۔آپ کو بالکل پتہ نہیں چلتا کہ آپ کو یہ فلمیں دیکھائی ہی اسی لئے جارہی ہیں کہ آپ حقیقت پسندانہ موضوعات سے ہٹ جائیں اور انہیں بلکل مت سوچیں اور ایسے موضوع جن لوگوں کے قابو میں ہوں ان پر تنقید کرنے والے اور دیکھنے والے ختم ہوجائیں اور وہ اپنا کام اپنے طریقے سے جاری رکھیں۔

آپ کے جذبات کو استعمال کیا جاتا ہے

برین واش کی یہ ایک عام اور انتہائی پاپولر تکنیک ہے جس کی مثال آپ ایک پیشہ ور فقیر سے لے لیں جو اپنے بھوکے پیاسے بچوں کا رونا روکر آپ کی جیب سے پیسے نکال لیتا ہے اور بعد میں چاہے ان پیسوں سے کچھ اور خرید لے۔ آپ کو ٹی وی پر دیکھایا جاتا ہے کہ ڈیم بنانا بہت ضروری ہے اور آپ سے عطیہ لے لیا جاتا ہے اور پھرآپ کی ساری زندگی وہ ڈیم نہیں بنتا۔

لوگ چھوٹی سی بات پر قصور وار ثابت کرتے ہیں

یہ تکنیک عام طور پر گھر میں ماں باپ چھوٹے بچوں پر استعمال کرتے ہیں ، مثال کے طور پر معمولی گلاس ٹوٹنے پر بناوٹی غصے سے انہیں کہا جاتا ہے کہ یہ تْم نے کیا کیا اور وہ خوفزدہ ہوکر ہر بات ماننے کے لئے تیار ہوجاتا ہے، پولیس کے چوراہوں پر کھڑے سپاہی بھی اس تکنیک کے ماہر ہوتے ہیں جو آپ کولاسسنس ہونے کے باوجود گاڑی کے کاغذات ہونے کے باوجود کوئی نہ کوئی نقص نکال کر آپ کو گلٹی ثابت کرتے ہیں اور آپ کی جیب سے پیسے نکال لیتے ہیں۔در حقیقت وہ آپ کا برین واش کردیتے ہیں اور حق پر ہونے کے باوجود آپ پر ثابت کر دیتے ہیں کہ آپ غلط ہیں اور پھر آپ سے اپنے مطلوبہ مقاصد حاصل کرتے ہیں۔

لوگوں کا ظاہر کرنا کہ وہ آپ کو آپ سے بہتر جانتے ہیں

سائنس کی ترقی کیساتھ ہم آج انسانی جسم کے متعلق بہت کچھ جان چکے ہیں اور یہ باتیں ہم کچھ سال پہلے نہیں جانتے تھے۔ برین واش کرنے والے ایسی باتوں کو بطور دلیل پیش کرکے آپ کو بتاتے ہیں کہ وہ آپ کو آپ سے زیادہ جانتے ہیں اور اسی طرح وہ آپ کے فیصلوں کو کنٹرول کرتے ہیں، یہ تکنیک مختلف چیزوں کی تشہیر کرنے والے عام استعمال کرتے ہیں مثال کے طور پر میڈیکل سائنس کے مطابق بناسپتی گھی دل کی بیماریوں کا باعث ہے مگر گھی کے ڈبے پر دل بنا دیا جاتا ہے اور اسے دل کے لئے مفید قرار دے دیا جاتا ہے۔

آپ کو قید تنہائی میں پھینک دیا جاتا ہے

برین واش کرنے کا یہ حربہ بہت سی جگہوں پر استعمال ہو رہا ہے، اسے خطرناک قیدیوں پر استعمال کیا جاتا ہے اور انہیں قید تنہائی میں پھینک دیا جاتا ہے۔ دوسری مثال زیادہ سنگین ہے جس میں گھر کے سمجھدار لوگوں کو مجبور کر دیا جاتا ہے کہ وہ روزی روٹی کیلئے پردیس چلے جائیں اور ملک اور گھر بار سے دْور ہوجائیں اور ملک چلانے والے اپنی من مانی کرتے پھریں۔ آپکے اپنے کتنے دوست ایسے ہوں گے جو مجبوراً ملک سے باہر ہیں اور ملک کے کسی فیصلے میں شامل نہیں؟۔سوچئے وہ کون ہے جو انہیں کنٹرول کر رہا ہے؟ ان کے دل کے فیصلوں پر اثر انداز ہو رہا ہے وہ نا چاہتے ہوئے بھی ملک سے باہر کیوں ہیں؟ سوچیں سوچیں اس سے پہلے کے کوئی آپ کا برین واش کرکے آپ کے فیصلوں پر اثر انداز ہو خوب سوچیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button