دہلی : عام آدمی پارٹی کی ’خواجہ سرا‘ امیدوار بوبی بھی کامیاب
اس بڑی کامیابی کے بعد انہوں نے کہا میں اپنی جیت ان لوگوں کو وقف کرنا چاہتی ہوں،
Bobby Kinnar نئی دہلی ، 7دسمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)عام آدمی پارٹی سے خواجہ سرا امیدوار بوبی کنر نے دہلی میونسپل کارپوریشن کی تاریخ میں جیت درج کرنے والی خواجہ سرا برادری کی پہلی لیڈر بن گئی ہیں۔ عام آدمی پارٹی کی امیدوار بوبی نے سلطانپوری سے جیت کر یہ کامیابی حاصل کی ہے۔ بوبی نے کانگریس امیدوار ورون ڈھاکہ کو 6,714 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔اس بڑی کامیابی کے بعد انہوں نے کہا میں اپنی جیت ان لوگوں کو وقف کرنا چاہتی ہوں، جنہوں نے میرے لیے بہت محنت کی۔ میں سب کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی۔ اب مجھے صرف اپنے علاقے کی ترقی کے لیے کام کرنا ہے۔ بوبی کنر ایک طویل عرصے سے سماجی کارکن ہیں اور بچوں، خواتین اور معذور افراد کی تعلیم کے لیے کام کر رہی ہیں۔انہوں نے حالیہ انتخابات سے قبل گھر گھر جا کرلوگوں سے ووٹ مانگے تھے۔
بوبی 2011 کی انا ہزارے تحریک کے وقت سے بھی عام آدمی پارٹی سے وابستہ رہی ہیں۔ وہ پارٹی کی طرف سے اپنا امیدوار منتخب کرنے کی وجہ سماجی کام کی اپنی طویل تاریخ کو دیتی ہیں۔بوبی نے اپنی مہم کے دوران اپنے حلقے کو خوبصورت بنانے اور شہری ادارے سے بدعنوانی کو ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔دہلی میونسپل کارپوریشن پر کنٹرول کی لڑائی میں آپ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔اس میں 132 سیٹوں پر عام آدمی پارٹی کو کامیابی ملی جبکہ 104 نشستوں پر بی جے پی کامیاب ہوئی۔



