بین ریاستی خبریں

تریپورہ اسمبلی کیلئے بھاجپا نے کیا 48 امیدواروں کا اعلان ، دو مسلم امیدوار بھی شامل

محمد مبشر علی کیلا شہر سے سی پی آئی (ایم) کے موجودہ رکن اسمبلی ہیں اور انہوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے

نئی دہلی، 28جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)بی جے پی نے تریپورہ اسمبلی انتخابات کے لیے آج اپنے 48 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی، جس میں وزیر اعلیٰ مانک ساہا کو ٹاؤن بورڈووالی سیٹ سے امیدوار قرار دیا گیا ہے۔ بی جے پی نے اپنی پہلی فہرست میں دو مسلم امیدواروں محمد مبشر علی اور تفضل حسین کے نام بھی شامل کئے ہیں۔بی جے پی کے تمام امیدواروں کے ناموں کو وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں اور بی جے پی صدر جگت پرکاش نڈا کی صدارت میں کل یہاں پارٹی کی مرکزی الیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں منظوری دی گئی۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امت شاہ، بی جے پی کے جنرل سکریٹری بی ایل سنتوش، تریپورہ کے وزیر اعلیٰ مانک ساہا، پارٹی کے تریپورہ انچارج ڈاکٹر مہیش شرما، تریپورہ کے سابق وزیر اعلیٰ بپلو دیو اور الیکشن کمیٹی کے دیگر اراکین بھی میٹنگ میں شامل ہوئے۔

پہلی فہرست میں شامل 48 امیدواروں میں سے تقریباً ایک چوتھائی یا 11 خواتین ہیں۔ تریپورہ اسمبلی کی کل 60 سیٹوں کے لیے پولنگ 16 فروری کو ہوگی، جب کہ ووٹوں کی گنتی 2 مارچ کو ہوگی۔ امیدواروں کی نامزدگی کی آخری تاریخ 30 جنوری ہے۔بی جے پی نے اپنی فہرست میں مبشر علی کا نام بھی شامل کیا ہے، انہیں اونا کوٹی ضلع کی کیلا شہر سیٹ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ خیال رہے کہ محمد مبشر علی کیلا شہر سے سی پی آئی (ایم) کے موجودہ رکن اسمبلی ہیں اور انہوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے۔اس کے علاوہ باکس نگر سیٹ سے بھی امیدوار کو موقع دیا گیا ہے۔ یہاں سے پارٹی نے تفضل حسین کو امیدوار بنایا ہے۔ ضلع ویسٹ تریپورہ کی سیٹ باکس نگر سے موجودہ رکن اسمبلی شاہد چودھری ہیں، جن کا تعلق سی پی آئی (ایم) سے ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button