بین ریاستی خبریں

ضمانت عرضی پر سماعت 10 مارچ کو سیسودیا کو عدالت سے نہیں ملی راحت،سی بی آئی ریمانڈ میں 6 مارچ تک توسیع، 

آبکاری پالیسی معاملے میں سی بی آئی ریمانڈ پر موجود دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کو راحت نہیں ملی

نئی دہلی ،4مارچ :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)آبکاری پالیسی معاملے میں سی بی آئی ریمانڈ پر موجود دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کو راحت نہیں ملی ہے۔ راؤز ایونیو کورٹ نے سسودیا کی سی بی آئی ریمانڈ 6 مارچ تک بڑھانے کا فیصلہ سنایا ہے۔ اس کے علاوہ سسودیا کی ضمانت عرضی پر سماعت 10 مارچ کو ہوگی۔سی بی آئی نے عدالت میں کہا کہ منیش سسودیا جانچ میں تعاون نہیں کر رہے ہیں، اس لیے تین دن کی مزید ریمانڈ دی جائے۔ سی بی آئی نے عدالت کو بتایا کہ سیسودیا سے پوچھ تاچھ کی ریکارڈنگ سی ڈی میں ہے۔ پوچھ تاچھ کے لیے ابھی ملزمین کا آمنا سامنا نہیں ہوا ہے۔

اس درمیان سسودیا نے عدالت میں کہا کہ وہ مجھے 10-9 گھنٹے تک پوچھ تاچھ کے لیے بٹھا رہے ہیں اور بار بار وہی سوال پوچھ رہے ہیں۔ یہ ذہنی اذیت سے کم نہیں ہے۔عآپ رکن اسمبلی سوربھ بھاردواج نے اس معاملے میں کہا کہ سی بی آئی کو ثبوت اور سچائی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ وہ صرف وہی سن رہے ہیں جو مرکزی حکومت کہہ رہی ہے۔ یہ پورا عمل منیش سیسودیا کو پریشان کرنے کے لیے ہے۔واضح رہے کہ منیش سسودیا کو دہلی حکومت کی آبکاری پالیسی میں مبینہ گھوٹالے کے معاملے میں سی بی آئی نے اتوار کے روز گرفتار کیا تھا۔ سی بی آئی نے انھیں پیر کے روز راوز ایونیو کورٹ میں پیش کیا تھا۔ عدالت نے سیسودیا کو 5 دن کی سی بی آئی حراست میں بھیج دیا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button