سرورقگوشہ خواتین و اطفال

خوشبو دار پانی,گلاب کا عرق: صحت کا ضامن-ڈاکٹر قرۃ العین فاطمہ عثمان دہلی

عرق گلاب گلاب کے پھول کی پتیوں سے نکلتا ہے

ROSE EXTRACT BENEFITS

 عرق گلاب کسے کہتے ہیں؟

عرق گلاب گلاب کے پھول کی پتیوں سے نکلتا ہے۔ یہ تیل خوشبویات میں استعمال ہوتا ہے۔ عرق گلاب کو تقریبا خوشبو، ادویات، ذائقہ اور میک اپ کی اشیاء میں استعمال کیا جاتا ہے۔ سب سے پہلے اسے مسلمانوں نے عمل تقطیر سے بنایا۔ عرق گلاب کے فوائد مندرجہ ذیل ہیں۔

پانی مقدار قائم رکھتا ہے

جلد میں پانی کی صحیح مقدار قائم کرنے میں مدد دیتا ہے اورجلد سے ضرورت سے زیادہ پانی کے اخراج کو روکتا ہے جس سے جلد ملائم چمکدار رہتی ہے گرمیوں میں پسینہ زیادہ آنے سے بدبو آتی ہے اسکو کو ختم کرنے کیلئے عرق گلاب بہت مفید ہے سردیوں میں جلد خشک ہو جانے سے جلدی بیماری ایگزیما لاحق ہو جاتی ہے عرق گلاب کا استعمال اس بیماری سے بچاتا ہے۔

چھائیوں اور جھریوں سے نجات

چہرے کی چھائیوں اور جھریوں سے نجات اور رنگت نکھارنے کے لیے عرق گلاب میں گلیسرین اور لیموں کا رس ملا کر لگانا انتہائی مفید ہے خواتین کے ہاتھ برتن اور کپڑے میں صابن اور سرف وغیرہ کے استعمال سے ہاتھ کھردرے ہو جاتے ہیں اس کے لیے عرق گلام میں گلیسرین ملا کر دن میں 2 سے 4 مرتبہ لگانا بہت مفید ہے پاؤں کی ایڑیاں پھٹ جائیں تو عرق گلاب میں گلیسرین ملا کر لگانے سے ٹھیک ہو جاتی ہیں۔اگر آپ اپنے چہرے سے چھائیاں ختم کرنا چاہتے ہیں تو عرق گلاب اس کا بہترین علاج ہے۔ دو چمچ بیسن، ایک چٹکی ہلدی اور عرق گلاب کو ملا کر ایک نرم پیسٹ بنا لیں۔ پیسٹ کو اپنے چہرے پر لگائیں اور خشک ہونے کے بعد چہرے کو پانی سے دھو لیں۔ کوئی بھی چیز آپ کے چہرے کو اس سے زیادہ تر و تازہ نہیں بنا سکتی۔

جلد کو نرم و ملائم کرتا ہے

عرق گلاب کا استعمال ایک قدرتی اور سستے کلینزر کے طور پر ہوتا ہے۔ روئی کو عرقِ گلاب میں ڈبوئیے اور اپنی جلد پر جمی گرد کو صاف کرنے کے لیے نفاست سے ملئے ۔ بہتر ہے کہ یہ عمل رات کے اوقات میں کیا جائے۔ اس طرح چہرے پر موجود دن بھر کے جمع میل کے نشان صاف ہو جائیں گے۔حساس جلد کا خیال کرنا بہت مشکل ہوتا ہے اور کبھی کبھار ان پر کوئی بھی اسکن کیئر مصنوعات کارآمد ثابت نہیں ہوتیں۔ ایسی صورتحال میں عرق گلاب ایک بہتر ٹونر کا کام دیتا ہے۔ صرف جلد پر روئی کی مدد سے عرق گلاب لگالیں اس طرح یہ جلد کی خراش کی کوفت کو کم کر دے گا۔دو چمچ صندل کا پاؤڈر اور ایک چمچ عرق گلاب کو ملا کر ایک گاڑھا پیسٹ بنا کر اپنے چہرے پر لگا دیں اور خشک ہونے کے بعد اپنا چہرہ دھو لیں۔ دونوں کا امتزاج جلد کو کافی نرم اور چمکدار کر دیتا ہے۔
فیس ماسک
فیس ماسک آپ کی جلد کی رونق پر نمایاں اثر کرتے ہیں۔ ایک چمچ ملتانی مٹی، دو چمچ عرق گلاب اور لیموں کے رس کے چند قطرے آپس میں ملا لیں۔ اس فیس ماسک کو اپنے چہرے اور گلے پر 15 منٹ کے لیے لگائیں اور پھر عام پانی سے صاف کر لیں۔
دانوں اور مہاسوں کا علاج
دانوں اور مہاسوں کے علاج میں عرق گلاب لگانے سے یہ بیکٹیریا کی افزائش کم کر دیتا ہے؛ جلد کو نمی فراہم کرتا ہے اور مہاسوں کا خاتمہ کر دیتا ہے۔

ہاتھوں کی خشکی ختم کرتا ہے

سرف اور بلیچ سے برتن اور کپڑے دھونے سے آپ کے ہاتھ خشکی کا شکار ہوسکتے ہیں۔ کیا آپ ان گھریلو کاموں کے بعد اپنے ہاتھوں کو نرم و ملائم بنانا چاہتے ہیں؟ تو آئے اپنے ہاتھوں کو نرم ملائم بنانے کے لیے ایک لوشن بنائیں۔لوشن بنانے کے لیے چار چمچ گلیسیرین، چار چمچ لیموں کارس اور آٹھ چمچ عرق گلاب کو آپس میں ملالیں۔ مکسچر کو بوتل میں بھر کر رکھ دیں اور کپڑے اور برتن دھونے کے بعد اپنے ہاتھوں پر لگا لیں۔

ناخنوں کی چمک بڑھاتا ہے

نیل پالش کا مسلسل استعمال ناخن کے رنگ کو خراب کردیتا ہے۔ اپنے ناخنوں کی قدرتی چمک واپس لانے کے لیے عرق گلاب اور لیموں کے رس کو برابر مقدار میں ملا کر ناخنوں پر لگائیں۔

آنکھوں کی سوجن دور کرتا ہے

عرق گلاب آنکھوں کی سوجن ٹھیک کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ روئی کو عرق گلاب میں بھگو کر تھکاوٹ سے چور آنکھوں پر لگائیں۔ اس طرح آپ کو فوری آرام مل جائے گا۔

بالوں کو مضبوط کرتا ہے

اگر آپ کے بال سیدھے کرنے والی استری کے کثرت استعمال سے کمزور ہو چکے ہیں تو یہ اس کا بہترین علاج ہے۔ ایک پیالے میں ایک کپ عرق گلاب، دو وٹامن ای کیپسول اور زیتون کے تیل کا آدھا چمچ ڈال کر آپس میں ملا لیں۔ یہ آمیزہ ایک اسپرے بوتل میں انڈیل دیں اور گیلے بالوں پر اسپرے کریں۔ بالوں کے لیے عرق گلاب کے استعمال کا سب سے آسان طریقہ عرق گلاب سے دھونا ہے۔اپنے بالوں کو حسب معمول شیمپو کریں پھر ایک کپ عرق گلاب سے اپنے بالوں کو دھو لیں۔ اس طرح آپ کے بالوں میں لمبی، دیرینہ خوشبو اور چمک پیدا ہوجائے گی۔

آشوب چشم کا علاج

آشوب چشم کا علاج بھی عرق گلاب سے ہوتا ہے۔ اس کے چند قطرے نہ صرف آنکھوں کی جلن کو دور کرتے ہیں بلکہ گرد وغبار کو بھی نکال باہر کرتے ہیں جبکہ آنکھوں کے گرد پڑنے والے سیاہ حلقوں کو بھی عرقِ گلاب کے استعمال سے دور کیا جاسکتا ہے۔

کیلوں کا علاج

اگر آپ چہرے پر کیل مہاسوں سے پریشان ہیں تو اِن کا حل بھی عرق گلاب کی صورت میں موجود ہے۔ لیموں کا رس اور عرق گلاب کی مساوی مقدار آپس میں ملا کر چہرے پر روزانہ آدھے سے ایک گھنٹے تک لگائے رکھنے سے کیل مہاسوں کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔

فیس کریم میں عرق شامل کریں

رنگ گورا کرنے والی کریموں میں عرق گلاب کے چند قطرے ڈال کر روزانہ جلد پر لگایا جائے تو اس کے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں جن میں جلد پر نمی کا برقرار رہنا سرفہرست ہے۔ چہرے کو تروتازہ رکھنے کیلئے عرق گلاب لگانے سے جلد کی اوپری سطح پر موجود مردہ خلیوں (ڈیڈ سیلز) کا خاتمہ ہوتا ہے اور جراثیم سے نجات حاصل ہوجاتی ہے۔

دل کی کمزوری کا علاج

دل کی کمزوری میں مبتلا مریض ایک کپ عرقِ گلاب میں آدھا چائے کا چمچ گلاب کا سفوف مِکس کرکے دِن میں دو بار استعمال کریں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ماہرِ امراضِ قلب کی تجویز کردہ ادویہ استعمال نہ کریں۔

پسینے کی بدبو کا علاج

پسینے کی بدبو کے لیے بے شمار ڈیوڈرینٹس وغیرہ دستیاب ہیں مگر ان کا زیادہ عرصے تک استعمال مضر ثابت ہوسکتا ہے، لہٰذا ایک شیشی میں گلاب کا سفوف اورعرق مِکس کرکے فریج میں رکھ لیں۔ روزانہ پسینے والی جگہوں پر اس مکسچرکا معمولی سا لیپ کرنے سے پسینے کی بُو نہیں آتی۔

قبض کا علاج

قبض جسے اُمّ الامراض کہا جاتا ہے، اس کی تکلیف سے نجات کے لیے گلاب سے تیار ہونے والا گل قند شافی علاج ہے۔آنکھوں کی سُرخی دُور کرنے میں تو عرقِ گلاب کا کوئی ثانی نہیں ہے۔

آنتوں کی خراش کا علاج

آنتوں کی خراش، کمزوری یا خونی و صفراوی رطوبت کے باعث اسہال کی کیفیت ہو تو گلاب بطور سفوف یا عرق استعمال کیا جائے۔

 منہ کے چھالوں کا علاج

عام طور پر خون کی حدّت، معدے کی تیزابیت یا پھر گرم اشیاء کے زیادہ استعمال سے منہ میں چھالے پڑجاتے ہیں جن میں بیحد تکلیف ہوتی ہے اور کچھ کھایا پیا بھی نہیں جاتا۔ اگرعرقِ گلاب میں گلاب کا سفوف مِکس کرکے چھالوں پر لگالیا جائے تو فوری آرام ملتا ہے۔منہ سے بدبو آنے اور مسوڑھوں سے خون رسنے کی صورت میں گلاب کے جوشاندے سے غرارے فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button